ڈیرہ اسماعیل خان:کامرس کالج کے سامنے پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم حملے کا مقدمہ درج

سی ٹی ڈی پولیس نے دہشتگردی ایکٹ ،دھماکہ خیز مواد کے استعمال اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ،دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت چار افراد زخمی ہوئے تھے

ہفتہ 28 اپریل 2018 18:22

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2018ء) کامرس کالج کے سامنے پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی پولیس نے بہار حسین ،سبط الحسن،عقیل عباس اور انکے دیگر ساتھیوں کے خلاف دہشتگردی ایکٹ ،دھماکہ خیز مواد کے استعمال اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کرلیا ،دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت چار افراد زخمی ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس نے تھانہ سٹی کی حدود میں کامرس کالج کے سامنے سر کلر روڈ پر پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشتگردوں کے دستی بم حملے کا مقدمہ 324-353-3/4EXA-7ATAکے تحت بہار حسین ولد غلام صادق سیال سکنہ عید گاہ کلاں ،سبط الحسن ولد بشیر حسین سید سکنہ کوٹلہ سیداں ،عقیل عباس ولد اسلم بلوچ سکنہ تحصیل کروڑضلع لیہ پنجاب اور انکے دیگر ساتھیوں کے خلاف درج کرلیا ہے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا اور پولیس کو بھاری نقصان دینا تھا ،دستی بم کے حملے میں ایف آر پی پولیس کانسٹیبل عبد الرحمن اور ایک عورت سمیت تین راہگیر زخمی ہوئے تھے ۔