پنجاب یونیورسٹی میں بہترین انتظامی ماڈل متعارف کرائیں گے، وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر ہ جبیں

ہفتہ 28 اپریل 2018 18:30

لاہور۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) پنجاب یونیورسٹی کی نئی تعینات ہونے والی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے کہا کہ یونیورسٹی میں بہترین انتظامی ماڈل متعارف کرانے کے ساتھ ہم آہنگی اور احترام کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد انتظامی آفیسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس سے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے اس امر کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کے معیار تعلیم کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے مطابق بنایا جائے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں پنجاب یونیورسٹی کی 136سالہ تاریخ میں پہلی خاتون وائس چانسلر ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے یونیورسٹی آف یو تریخت نیدر لینڈ سے ڈیویلپمنٹ اینڈ ایکویٹی کے شعبہ میں پرنس کلاز رائل چیئر2006-2007ء پروفیسر شپ حاصل کی ہے۔

انہوںنے ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے سکالرشپ ملنے پر یونیورسٹی آف ٹیکساس آسٹن امریکہ سے 2008ء میں پوسٹ ڈاک مکمل کیا ۔انہیں سنٹرل اورسیز ٹریننگ سکالرشپ سے بھی نوازا گیاجس کے تحت 1999ء میں انہوں نے سٹرلنگ یونیورسٹی ، سکاٹ لینڈ پی ایچ ڈی کی۔ ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے 1995ء میں یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا سے ایم پی اے کی ڈگری حاصل کی جبکہ 1983ء میں پنجاب یونیورسٹی شعبہ ایڈمنسٹریٹیو سائنسز سے بھی ایم پی اے کیا۔

انہو ں نے گرایجویشن اورانٹرمیڈیت کے امتحانات میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ڈاکٹر ناصرہ نے 1984ء میں پنجاب یونیورسٹی میں بطور لیکچرار اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی میں بطور ڈین فیکلٹی آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنسز اور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹیو سائنسز اپنی خدمات انجام دیں رہی ہیں۔ وہ کئی اکیڈمک اور پیشہ ورانہ تنظیموں کی صدر اور ممبر بھی ہیں۔