خضدارمیں ڈیمز کی تعمیر کیلئے وفاقی بجٹ پی ایس ڈی پی میں ایک ارب روپے اوربجلی توانائی کے منصوبوں کیلئے چالیس کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کئے گئے ہیں ، سینیٹر آغا شاہ زیب درانی

ہفتہ 28 اپریل 2018 18:35

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی ترقیات و اصلاحات کے چیئرمین سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے کہاہے بجٹ 2018-2019کو قوم کی عین امنگوں کے مطابق مرتب کیا گیا ہے ، جس میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ٹیکس چھوٹ ریلیف دی گئی ہے ، لوکل انڈسٹریز پرزیادہ انحصار اورغیر ملکی مصنوعات پر بھروسے کو کم کیا گیا ہے ،زرمبادلہ میں اضافہ کے اسباب تیار کیئے گئے ہیں ، ضلع خضدارمیں ڈیمز کی تعمیر کے لئے وفاقی بجٹ پی ایس ڈی پی میں ایک ارب روپے اوربجلی توانائی کے منصوبوں کے لئے چالیس کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کیئے گئے ہیں ، ہمیں پہلی بار موقع ملا تو اس موقع کو غنیمت جان کر خضدار کے لئے وفاقی بجٹ میں پیکج شامل کروالیا جس کا فائدہ عوام کوزیادہ سے زیادہ ملے گا ان خیالات کا اظہار انہوںنے میڈیا نمائندوں سے گفتگوکر تے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

سینیٹر آغا شاہزیب درانی نے کہاہے کہ موجودہ وفاقی بجٹ معتدل بجٹ تصور کیا جاسکتا ہے کہ جس میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے ، تاکہ کم آمدنی والے افراد پرمہنگائی کا زیادہ بوجھ نہ پڑے ، مڈل کلاس افراد پر لاگو ٹیکس کو ختم کردیا گیا ہے ۔ملک میں قومی منصوبوں کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے ، بیلہ آواران شاہراہ کی تعمیر کے لئے رقم مختص کی گئی ہے ، سی پیک منصوبے کی اہمیت کو بھی حالیہ بجٹ میں اجا گر کرکے اس کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جو کہ سی پیک کے حوالے سے انفراسٹکچر منصوبے پر یہ رقم خرچ کی جائیگی ۔

سینیٹر آغا شاہزیب درانی نے کہاکہ اٹھارویں ترمیم کے تحت بیشتر اختیارات صوبوں کو منتقل ہوچکے ہیں تاہم اس کے باوجود وفاقی بجٹ میں صوبے کیلئے پیکجز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ضلع خضدار میں زیر زمین پانی کی قلت سنگین مسئلہ ہے ، اس درپیش مسئلے کو دیکھتے ہوئے خضدا رمیں ڈیمز بنانے کے لئے میں نے وفاقی پی ایس ڈی پی میں ایک ارب روپے شامل کروالیا ہے چالیس کروڑ روپے خضدار میں بجلی وتوانائی کے منصوبوں خرچ کیئے جائیں گے یہ رقم بھی پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے میں کامیاب ہوا ۔

انہوں نے کہاکہ ہم اپنی بساط کے مطابق عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ مجھے موقع ملا تو میں نے بنیادی مسائل کے حل کیلئے خصوصی پیکجزتیار کرلیااور ان کو پی ایس ڈی کا حصہ بنانے میں کامیاب ہوگئے او رانشاء اللہ عوامی خدمت کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری و ساری رہیگا ۔