صدر مملکت ممنون حسین کا جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ میں ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام کا اعلان

جامعہ کراچی کے طلبا کو ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام کے بعد دیگر جامعات کی طرح جدید تعلیمی و تربیتی سہولتیں میسر آئیں،شعبہ ابلاغ عامہ کے اساتذہ و طلبہ خوب دل لگا کر کام کریں تاکہ ملک میں معیاری صحافتی اقدار کو مضبوط بنایا جاسکے صدر مملکت ممنون حسین کاسیرت چئیر، جامعہ کراچی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 28 اپریل 2018 18:48

صدر مملکت ممنون حسین کا جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ میں ٹی وی اسٹوڈیو ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) صدر مملکت جناب ممنون حسین نے جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ میں ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام کا اعلان صدر مملکت نے ہفتہ کو یہاں سیرت چئیر، جامعہ کراچی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ میرے علم میں آیا ھے کہ شعبہ ابلاغ عامہ ایک طویل عرصے سے ٹی وی اسٹوڈیو سے محروم ھے اس مقصد کے لیے ایوان صدر جامعہ کراچی کو مالی امداد فراہم کرے گا تاکہ جامعہ کراچی کے طلبا کو ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام کے بعد دیگر جامعات کی طرح جدید تعلیمی و تربیتی سہولتیں میسر آئیں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ شعبہ ابلاغ عامہ کے اساتذہ و طلبہ خوب دل لگا کر کام کریں تاکہ ملک میں معیاری صحافتی اقدار کو مضبوط بنایا جاسکے کیونکہ اس کی اہمیت جتنی آج ھے اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔ پروفیسر ڈاکٹر سیمی نغمانہ طاہر صدر شعبہ ابلاغ عامہ نے ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ ٹی وی اسٹوڈیو کا قیام ھمارا دیرینہ خواب تھا کہ جس کے قیام کی منظوری و رقم کی فراہمی کا وعدہ صدر مملکت نے کیا ہے۔ ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام کے بعد شعبہ ابلاغ عامہ میں الیکٹرانک میڈیا کی معیاری عملی تربیت کا آغاز ھوگا۔