نوازشریف نے پیپلز پارٹی کیساتھ دوستی کی آڑ میں کھلواڑ کیا‘ آصف زرداری ، لاہور میں پانچ جلسے کرنے کا اعلان

اب بڑے پیغامات بھیجتے ہیں،ہم نے ان کو پیغام بھیجا آپکے ساتھ ہم نے جنت میں بھی نہیں جانا،نواز شریف صرف اپنا سوچتے ہیں اڈیالہ جیل کی صفائی کروا رہے ہیں انہیں کیا پتا کہ لانڈھی جیل جاتے ہیں یا کہیں ،میاں صاحب کی سوچ ہی جمہوری نہیں ‘ خطاب

ہفتہ 28 اپریل 2018 19:02

نوازشریف نے پیپلز پارٹی کیساتھ دوستی کی آڑ میں کھلواڑ کیا‘ آصف زرداری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) سابق صدر مملکت و پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پانچ جلسے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف نے پیپلز پارٹی کیساتھ دوستی کی آڑ میں کھلواڑ کیا،اب بڑے پیغامات بھیجتے ہیں،ہم نے ان کو پیغام بھیجا آپ کے ساتھ ہم نے جنت میں بھی نہیں جانا،اڈیالہ جیل کی صفائی کروا رہے ہیں انہیں کیا پتا کہ لانڈھی جیل جاتے ہیں یا کہیں ،میاں صاحب کی سوچ ہی جمہوری نہیں یہ صرف اپنا سوچتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے بلاول ہائوس لاہور میں لاہور ایگزیکٹو اور لاہور کے ممکنہ ٹکٹ ہولڈر ز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، ڈاکٹر عاصم حسین، حاجی عزیزالرحمن چن، چوہدری اسلم گل، اسرار بٹ، اورنگ زیب برقی، رانا فاروق اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہا کہ اگر ہم چاہتے تو نواز شریف کو حکومت بنانے ہی نا دیتے لیکن ہم نے سوچا تھا جمہوریت چلتی رہے۔

یہ لوگ ملک کو دیوالیہ کرکے جاتے ہیں ہم آکر سنبھالتے ہیں،میاں صاحب کسی بھی ملک نکل جائیں ہم نے یہیں رہنا ہے۔میاں صاحب کی جمہوری سوچ ہی نہیں ہے یہ صرف اپنا سوچتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جب میں نے مشرف کو نکالا تو لوگوں کو سمجھ ہی نہیں آرہی تھی،ہم نے مشرف سے ڈائیلاگ کرکے اسے باہر نکالا ۔ انہوںنے کہا کہ 1973ء کا آئین بھٹو شہید نے بنایا یا پھر اس کے بعد ہم نے اٹھارہویں ترمیم کی۔

بھارت کے ڈیزائن روکنے کے لئے اٹھا رہیں ترمیم کی۔ انہوںنے کہا کہ نوازشریف نے پیپلز پارٹی کے ساتھ دوسٹی کی آڑ میں کھلواڑ کیا،نواز شریف اقتدار میں آکرمغل اعظم بن گئے،نواز شریف ملک کی طاقت کا نہیں اپنی طاقت کا سوچتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ اڈیالہ جیل کی صفائی کروا رہے ہیں ان کو کیا پتہ لانڈھی جیل جاتے ہیں یا کہیں اور۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگلے انتخابات میں پیپلز پارٹی پنجاب میں سرپرائز دے گی،ہم نے پنجاب بھر میں متوقع امیدواروں کی فہرست تیار کرلی ہے،ٹکٹس کے لیے خواہش مند امیدوار پراسس کے مطابق درخواست دیں۔ انہوں نے کہا کہ قابل فخر ہیں وہ لوگ جو مشکل میں بھی پارٹی کے ساتھ ہیں،پیپلز پارٹی مشکلات میں بھی اچھے نتائج دینا جانتی ہے۔