حکومت نے اپنا کام کر دیا ہے، اب فیصلہ آئندہ الیکشن میں عوام کریں گے،وزیراعظم

کراچی کی ترقی اور امن سے ملک کا امن اور ترقی وابستہ ہے ۔ کوئی حکومت کراچی کو نظر انداز نہیں کر سکتی ،ْکراچی چلے گا تو پورا پاکستان چلے گا،شاہد خاقان عباسی نئے مالی سال کے لیے بہتر بجٹ پیش کیا ہے ، بزنس کمیونٹی سرمایہ کاری کرے ، مزید مراعات دیں گے ،دارالصحت اسپتال کے تحت رفاہی ڈائیلائسز سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ہفتہ 28 اپریل 2018 19:08

حکومت نے اپنا کام کر دیا ہے، اب فیصلہ آئندہ الیکشن میں عوام کریں گے،وزیراعظم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنا کام کر دیا ہے ۔ اب فیصلہ آئندہ الیکشن میں عوام کریں گے۔ سیاست کے ساتھ عوامی خدمت بھی ضروری ہے ۔ کراچی کی ترقی اور امن سے ملک کا امن اور ترقی وابستہ ہے ۔ کوئی حکومت کراچی کو نظر انداز نہیں کر سکتی ۔ کراچی چلے گا تو پورا پاکستان چلے گا ۔

صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔ نئے مالی سال کے لیے بہتر بجٹ پیش کیا ہے ۔ بزنس کمیونٹی سرمایہ کاری کرے ، مزید مراعات دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گلستان جوہر کراچی میں دارالصحت اسپتال کے تحت رفاہی ڈائیلائسز سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر ، میئر کراچی وسیم اختر اور اسپتال کے ٹرسٹی عامر چشتی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں بہت سے رفاہی ادارے عوام کی خدمت کر رہے ہیں ۔ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ حکومت صحت کے شعبے کی ترقی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چلتا ہے تو پورا پاکستان چلتا ہے ۔ کراچی میں امن ہوتا ہے تو پاکستان میں امن ہوتا ہے۔

کراچی میں ترقی ہوتی ہے تو ملک میں ترقی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ نجی ادارے اور مخیر حضرات بھی اپنے اپنے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اس حوالے سے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کاروباری معاملات پر بھی توجہ دیتی ہے ۔ میں ان سے کہتا ہوں کہ وہ صحت کے شعبے پر بھی توجہ دیں ۔

یہ ایک رفاہی کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہتر بجٹ پیش کیا ہے اور مختلف شعبوں میں ٹیکس میں چھوٹ دی گئی ہے اور ٹیکس چھوٹ دینے سے کاروباری طبقے کے مختلف مسائل حل ہوں گے ۔ انہوںنے کہا کہ معیشت کی مضبوطی ہماری ترجیح ہے ۔ بزنس کمیونٹی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں ۔ ہم انہیں ہر ممکن سہولیات اور مراعات دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سے کاروبار کے مواقع پید ہوں گے ۔

لوگوں کو روزگار ملے گا اور ملکی معیشت مضبو ط ہو گی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 18 ویں ترمیم اور این ایف سی کے بعد ترقیاتی اسکیمیں بنانا صوبائی حکومتوں کا کام ہے لیکن پھر بھی وفاق اپنے وسائل سے صوبوں میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی کی ترقی کے لیے 25 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے ۔ اس پیکیج سے کراچی کے مسائل حل ہوں گے ۔

کوئی بھی حکومت کراچی کو نظر انداز نہیں کر سکتی ہے ۔ گورنر سندھ محمد زبیر کراچی پیکیج کے تحت منصوبوں کی تکمیل کے لیے میئر کراچی اور دیگر کے ساتھ مل کر اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے کے الیکٹرک اور سوئی گیس کے درمیان جاری معاملات کو حل کرا دیا ہے ۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام کو تکلیف کا سامنا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں بجلی ہو گی تو پانی بھی ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سوئی گیس کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ وہ کے الیکٹرک کو ضرورت کے مطابق گیس فراہم کریں تاکہ کراچی میں عوام کو بلاتعطل بجلی مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کے مابین تمام مسائل کو گفت و شنید کے ذریعہ حل کرا دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی جگہ ہے ۔ سیاسی جماعتوں کا کام سیاست کرنے کے ساتھ عوام کی خدمت کرنا بھی ہے ۔ حکومت نے اپنا کام کر دیا ہے ۔ اب فیصلہ آئندہ انتخابات میں عوام کریں گے ۔ انہوں نے رفاہی ڈائیلاسس سینٹر کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا ۔