پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ڈی ایس کانفرنس کا انعقاد ،

تمام ڈویژنوں کے ڈیس ایس صاحبان کی شرکت مسافروں کو گرین لائن ٹرین سمیت مختلف ٹرینوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مئوثر اقدامات اٹھائے جائیں‘جاوید انور

ہفتہ 28 اپریل 2018 19:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ڈی ایس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام ڈویژنوں کے ڈیس ایس صاحبان نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت چیف ایگزیکٹوآفیسرمحمد جاوید انور نے کی ۔ تمام ڈویژنوں کے ڈی ایس صاحبان نے اپنے اپنے ڈویژنوں میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے سیفٹی،سکیورٹی اور مسافروں کو دی گئی سہولتوں کے بارے میں چیف ایگزیکٹوآفیسرمحمد جاوید انور کو بریفنگ دی۔

چیف ایگز یکٹو آفیسر محمد جاوید انور نے کانفر نس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ مسافروں کو گرین لائن ٹرین سمیت مختلف ٹرینوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مئوثر اقدامات اٹھائے جائیں۔گرین لائن ٹرین میں جینیٹوریل سروس اور کھانے سمیت تمام امور کی نگرانی تمام ڈویژنل سپر نٹنڈنٹس اپنی اپنی ڈویژن میں اس وقت تک مانیٹر کریںجب تک ان چیزوں کا دوبارہ ٹینڈر نہیں ہو جاتا اور پیپرا رول کے مطابق کوئی پارٹی سامنے نہیں آتی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں اے جی ایم ٹریفک عبدالحمیدرازی نے اس بات پر زور دیا کہ پبلک ایڈریس سسٹم کی اپ گریڈیشن ،ان مینڈ لیول کراسنگ کو مینڈ کرنے اور ان کے اُوپر سائن بورڈ نصب کئے جائیں ۔مسافروں کی آسانی کے لئے ریلوے اسٹیشنوں پر فرسٹ ایڈ کی سہولت ،گرمی سے بچنے کے لئے سائے کا انتظام کیا جائے اس کے علاوہ ٹریک پر کام کرنے والے ملازمین کے لئے حفاظتی آلات ،سیفٹی سامان جس میں بارش سے بچنے کے لئے کوٹ، ہیلمٹ،جوتے،دستانے ، عینک اور چھوٹے چھوٹے حفاظتی سامان فوری طور پر مہیا کیا جائے تاکہ وہ اپنا کام محفوظ طریقے سے کر سکیں۔

ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک نے تمام ڈی ایس صاحبان کو ہدایت دی کہ وہ اپنی اپنی ڈویژن میں مسافروں کو دی جانے والی سہولتیںاُن کی پہلی ترجیح ہونے چائیںاور سیفٹی اور سکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ کانفرنس میں چیف ایگزیکٹوآفیسرمحمد جاوید انور ، جنرل منیجر ویلفیئر محمد طاہر ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمیدرازی ،چیف کمرشل منیجر وقار احمد شاہد،سی ایم ای/کیرج اینڈ ویگن راحت مرزا،چیف انجینئراوپن لائن بشارت وحید ،چیف الیکٹریکل انجینئر عنبرین زمان سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :