ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ سے ملکی معیشت مضبوط کی جا سکتی ہے،ڈپٹی گورنرسٹیٹ بنک

معیشت کی بہتری کے لیے زراعت اورایس ایم ای سیکٹر کی ترقی ضروری ہے، شمس الحسن

ہفتہ 28 اپریل 2018 19:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) ڈپٹی گورنرسٹیٹ بنک شمس الحسن نے کہا ہے کہ زراعت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو اولین ترجیح دے کرملکی معشیت پروان چڑھ سکتی ہے ،اسٹیٹ بنک ملک میں زراعت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی کے لیے تما م تر کوششیں کر رہاہے، ایس ایم ای کاروبار اور زراعت کے شعبے کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں ایس ایم ای فنانس اور زرعی فنانس کے آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای کے فروغ کے لیے آسان شرائط پر قرضے مختص کیے جا رہے ہیں ،حکومتی مثبت پالیسیوں کی بدولت جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ ہوا ہے ،چیلنجز کے باوجود تاجر برادری ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ آر سی سی آئی کے قائم مقام صدر ناصر مرزا نے کہا کہ ملکی معیشت میں ایس ایم ای سیکٹر ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، دنیا بھر میں ایس ایم ای شعبے کی ترقی کے لیے مراعات دی جاتی ہیں خصوصی سبسڈیز دی جاتی ہیں ، راولپنڈی چیمبر ملکی معاشی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سٹیٹ بنک کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔