110 کنال پر محیط شہباز شریف پارک و منی سپورٹس کمپلیکس کا تعمیراتی کام مکمل ، مختصر نوٹس پر افتتاح ہو سکے گا

ہفتہ 28 اپریل 2018 19:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی نے 110 کنال اراضی پر محیط شہباز شریف پارک و منی سپورٹس کمپلیکس کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا ،مختصر نوٹس پر افتتاح کر دیا جائے گا ۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے راولپنڈی کیپٹن (ریٹائرڈ) انوارلحق نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ 134ملین روپے مالیت سے تیار کردہ شہباز شریف پارک میں ایک وسیع و عریض کرکٹ گرائونڈ بمعہ پویلین، مصنوعی گھاس پر مشتمل فٹبال گرائونڈ ، باسکٹ بال کورٹ اور جمنازیم بھی ہیں اس مناسبت سے شہباز شریف پارک کو منی سپورٹس کمپلیکس بھی کہا جا سکتاہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے انوارلحق نے قومی خبر ایجنسی کو بتایا کہ پارک کیلئے وسیع پارکنگ کا انتظام ہو گااور جاگنگ ٹریک اور فوڈ کورٹ بھی میسر ہونگے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ سکیورٹی کے اعلی انتظامات کیے گئے ہیں اور پارک میں سی سی ٹی وے کیمر ے لگائے گئے ہیں جبکہ واک تھرو گیٹس کی تنصیب بھی کر دی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ شہباز شریف پارک بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائر پورٹ کے رن وے کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے اس کے اردگرد بڑے بڑے درخت نہیں لگائے گئے تاکہ جہازوں کی لینڈنگ کے وقت کوئی دشواری نہ ہواور پارک کے اردگردصرف زیبائشی پودے ہی لگائے گئے ہیں ۔

انہوںنے بتایاکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ملکیتی زمین پر پارک تعمیر کیا گیا ہے اور اس جگہ پر دس سے بارہ فٹ گہر ے گڑھے بھی تھے اور یہ جگہ ڈمپنگ سائٹ بن چکی تھی تاھم اب یہ ایک شاہکار پارک میںتبدیل ہو چکی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے انوارلحق نے کہا کہ کرکٹ گرائونڈ میں ہارڈ بال کی پچ اور پریکٹس نیٹ بھی بنائے گئے ہیں جبکہ مصنوعی گھاس کے فٹبال گرائونڈ پورے ملک میں چند ایک ہی ہیں۔

فٹبال اور باسکٹ بال گرائونڈ میں فلڈ لائٹ کا انتطام ہو گامگر رن وے کی قربت کی وجہ سے کرکٹ گرائونڈ میں فلڈ لائٹ نہیں لگائی جائیگی ۔ انہوںنے کہاکہ شہباز شریف پارک جڑواں شہر وں کا منفرد پارک ہوگا اور امید ہے شہریوں کی کثیر تعداد اس جگہ آئیگی اور یہاں موجود سہولیات سے لطف اندوز ہوگی. شہباز شریف پارک کے افتتاح کے حوالے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایچ اے سہیل احمد نے اے پی پی کو بتایاکہ پی ایچ اے کی جانب سے تمام انتظامات مکمل ہیں اور انتہائی مختصر نوٹس پرافتتاح کر دیا جائے گا۔