بھارت کو ظلم و تشدد سے پچھلے 70سال میں کامیابی حاصل ہوئی نہ ہی آئندہ حاصل ہو گی،برجیس طاہر

بھارت کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کر کے دہشت گرد کا نام دیتا ہے ،نہتے نوجوانوں کی شہادت کے خلاف مقبوضہ وادی میں ہڑتال اور احتجاج بھارت کے جھوٹے دعووں کی کھلی نفی ہے وفاقی وزیر اموار کشمیروگلگت بلتستان برجیس کا بیان

ہفتہ 28 اپریل 2018 19:44

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اپریل2018ء) وفاقی وزیر اموار کشمیروگلگت بلستان برجیس طاہرنے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت ظلم و تشدد کے جس راستے پر چل رہا ہے اس پر نہ تو پچھلے ستر سال میں اسے کامیابی حاصل ہوئی ہے اور نہ ہی آئندہ حاصل ہو گی۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کر کے ان کو دہشت گرد کا نام دیتا ہے، لیکن آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ ان شہد ا کے جنازوں میں ہزاروں کی تعداد میں مقبوضہ کشمیر کے عوام شرکت کرتے ہیں اور اِن نہتے نوجوانوں کی شہادت کے خلاف پوری مقبوضہ وادی میں ہڑتال اور احتجاج کیا جاتا ہے جو بھارت کے جھوٹے دعووں کی کھلی نفی کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت درحقیقت اِن پر تشدد کاروایوں کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی لائی جا سکے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ہی وجہ ہے کہ بھارت آئے روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے تاکہ ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں جاری پرامن تحریک آزادی کو کچلا جا سکے اور دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کی جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنے مذموم مقاصد میں ہر گز کامیابی حاصل نہ ہو گی او رشکست اور ندامت باآخراس کا مقدر بنے گی، انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس متوقع انجام سے بھارت کے چند سابق اور موجودہ سفارتکار اور فوجی حکمران بھی باخبر ہیں اور اچھی طرح جانتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کا کوئی بھی حل فوجی طاقت کے ذریعے ممکن نہیں ہے، اور اس درینہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے باآخر مسئلہ کشمیر سے متعلق تمام فریقین سے مذاکرات کرنے پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے اعتبار سے آنے والا دور ایشیا کا ہے جس میں جنوبی ایشیا کو اپنے محل وقوع کے اعتبار سے ایک امتیازی مقام حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کا خطہ ترقی و خوشحالی کے اس شاندار موقع سے اسی وقت مستفید ہو سکے گا جب بھارت ایک بامقصد مذاکرات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرے گا۔