چیف ایگزیکٹوآفیسر ریلوے کی گرین لائن سمیت تمام ٹرینوں میں مسافروں کوسہولیات کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت

ہفتہ 28 اپریل 2018 19:58

لاہور۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) چیف ایگزیکٹوآفیسر ریلوے محمد جاوید انور نے گرین لائن سمیت تمام ٹرینوں میں مسافروں کوسہولیات کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی،تمام ڈویژنل سپر نٹنڈنٹس گرین لائن ٹرین میں جینیٹوریل سروس اور کھانے سمیت تمام امور کی اپنی اپنی ڈویژن میں مانیٹرنگ اس وقت تک کریںجب تک ان چیزوں کا دوبارہ ٹینڈر نہیں ہو جاتا اور پیپرا رول کے مطابق کوئی پارٹی سامنے نہیں آتی،وہ پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ڈی ایس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں تمام ڈویژنوں کے ڈویژنل سپر نٹنڈنٹس نے شرکت کی،کانفرنس میں ڈویژنل سپر نٹنڈنٹس نے اپنے اپنے ڈویژنوں میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے سیفٹی،سکیورٹی اور مسافروں کو دی گئی سہولتوں کے بارے میں چیف ایگزیکٹوآفیسرمحمد جاوید انور کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں اے جی ایم ٹریفک عبدالحمیدرازی نے اس بات پر زور دیا کہ پبلک ایڈریس سسٹم کی اپ گریڈیشن ،ان مینڈ لیول کراسنگ کو مینڈ کرنے اور ان کے اُوپر سائن بورڈ نصب کئے جائیں ۔مسافروں کی آسانی کے لئے ریلوے اسٹیشنوں پر فرسٹ ایڈ کی سہولت ،گرمی سے بچنے کے لئے سائے کا انتظام کیا جائے اس کے علاوہ ٹریک پر کام کرنے والے ملازمین کے لئے حفاظتی آلات ،سیفٹی سامان جس میں بارش سے بچنے کے لئے کوٹ، ہیلمٹ،جوتے،دستانے ، عینک اور چھوٹے چھوٹے حفاظتی سامان فوری طور پر مہیا کیا جائے تاکہ وہ اپنا کام محفوظ طریقے سے کر سکیں۔

ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک نے تمام ڈی ایس صاحبان کو ہدایت دی کہ وہ اپنی اپنی ڈویژن میں مسافروں کو دی جانے والی سہولتیںاُن کی پہلی ترجیح ہونے چائیںاور سیفٹی اور سکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ کانفرنس میں جنرل منیجر ویلفیئر محمد طاہر ، چیف کمرشل منیجر وقار احمد شاہد، سی ایم ای کیرج اینڈ ویگن راحت مرزا،چیف انجینئراوپن لائن بشارت وحید ،چیف الیکٹریکل انجینئر عنبرین زمان سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :