کراچی ،سی ٹی ڈی کی صدر میں کارروائی ،ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم کے 3ملزمان گرفتار

ہفتہ اپریل 20:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2018ء) سی ٹی ڈی پولیس نے کراچی کے علاقے صدر میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ اور کالعدم جماعت کے لیے فنڈریزنگ کرنے والے 3ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چندے کی رسید بکیں برآمد کرلی ہیں ۔یہ بات ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ثاقب اسماعیل میمن نے ہفتے کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔انہوںنے بتایا کہ ایس ایس پی جنید احمد شیخ اور انچارج سی ٹی ڈی چوہدری غلام صفدر کی سربراہی میں ٹیم نے حاجی رب نواز بیکری داؤد پوتہ روڈ صدر میں چھاپہ مارکر 3ملزمان یوسف ،اکبر اور معصوم کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3عدد چند جمع کرانے والی رسید بکیں برآمد کرلیں ۔

ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور وہ کراچی اور کوئٹہ میں قتل اور اقدام قتل کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں ۔

(جاری ہے)

ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوںنے 25جنوری 2014کو بوٹ بیسن کے علاقے میں فائرنگ کرکے محمد حسین ولد سلمان کو قتل کرنے کی کوشش کی مگر وہ زخمی ہوگیا ۔مضروب شخص 25فروری کو صحت یابی کے بعد جیسے ہی اسپتال کے مین گیٹ پر پہنچا تو ان ملزمان نے دوبارہ فائرنگ کرکے محمد حسین کو قتل کردیا ۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزمان فنڈ ریزنگ کے علاوہ دہشت گردوں کی مالی معاونت بھی کرتے تھے ۔ملزمان نے کوئٹہ میں بھی قتل ،اقدام قتل اور دہشت گردی کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں ثاقب اسماعیل میمن نے کہاکہ پاکستان دشمن قوتیں نے ہم پر غیر روایتی جنگ مسلط کی ہوئی ہے اور ملک دشمن عناصر ،بیرونی ایجنسیز اور مخالف قوتیں یہاں پر دہشت گردی پھیلانے کے لیے ہر طرح کے جنگی و غیر جنگی حربے استعمال کررہے ہیں جس میں وہ ہمارے ملک کے شہریوں کو ورغلا کر پاکستان کے اندر بدامنی و انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں ۔گرفتار ملزمان کی گرفتاری اس سازش کو ناکام بنانے کی ایک کڑی ہے ۔