پہلے مرحلے کے اسٹیٹ آف دی آرٹ پبلک ٹوائلٹس تقریبا مکمل ہو چکے ہیں‘کمشنر لاہور ڈویژن

انتظام و انصرام اور مکمل صفائی کے ساتھ مستقبل میں فعال رکھنے کیلئے انکو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ ہے ‘عبداللہ خان سنبل

ہفتہ اپریل 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2018ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے کے اسٹیٹ آف دی آرٹ پبلک ٹوائلٹس تقریبا مکمل ہو چکے ہیں، ان کے انتظام و انصرام اور مکمل صفائی کے ساتھ مستقبل میں فعال رکھنے کے لیے ان کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ ہے تاکہ اس بنیادی ترین شہری سہولت میں کوئی خرابی نہ آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کریم بلاک مارکیٹ علامہ اقبال ٹاؤن کی مین سڑک پر مکمل تعمیر شدہ پبلک ٹوائلٹس یونٹ کی جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کے دورہ کے موقع پر کیا۔

ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ا مجد چوہدری و دیگر افسران بھی تھے۔کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ 60 نئے پبلک ٹوائلٹس کی تعمیر سے شہر میں بھرپور صفائی کے چیلنج کو نمٹنے میں مدد حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

نئے ٹوائلٹس کی تعداد شہر کی آبادی اور چیلنج کے مقابلے میں انتہائی قلیل ہے۔ اگلے مرحلے میں ان کی تعداد کو شہری ضروریات کے مطابق مرحلہ وار بڑھایا جائے گا۔

پہلے فیز کے 60 میں سے 48 ٹوائلٹس یعنی 8 یونٹ مکمل ہو چکے ہیں اوربقیہ زیر تعمیر ہیں۔ حکومت پنجاب شہر میں صفائی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے۔ مہذب دنیا کے اصولوں کے مطابق اس شہری سہولت کو فراہم کرنا اولین ذمہ داری ہے۔ پبلک ٹوائلٹس اور اس کے ماحول کو جدید ڈیزائن کے مطابق تعمیر کرکے مجموعی شہری ماحول کو بھی خوبصورت بنایا جائے گا۔ اس پراجیکٹ کو دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے گا۔