پاکستان پیپلز پارٹی اوکاڑہ سٹی کے زیر اہتمام بھٹو شہید سیمینار کا انعقاد

ْ بانی چیئر مین پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کے افکار اور شخصیت کے بارے مقالے پڑھے گئے

ہفتہ اپریل 20:09

اوکاڑہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی اوکاڑہ سٹی کے زیر اہتمام بھٹو شہید سیمینار کا انعقاد ، معروف دانشور و صحافی حشمت خان لودھی ، سٹی صدر عالم شیر لودھی جنرل سیکرٹری سٹی رفیق ساجدنے سابق وزیر اعظم پاکستان و بانی چیئر مین پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کے افکار اور شخصیت کے بارے مقالے پڑھے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اوکاڑہ سٹی کے زیر اہتمام عامر کالونی میں بھٹو شہید سیمینار منعقد ہوا۔

معروف دانشور وصحافی حشمت خان لودھی ، سٹی صدر عالم شیر لودھی ، جنرل سیکرٹری رفیق ساجد نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شخصیت اور ان کے افکار پر مقالے پڑھے ۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق پارلیمانی سیکرٹری و ایم این اے چوہدری سجاد الحسن تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقامی عہدیداروں ملک ریاست ، انور سوہنا ، شاہد محمود ، ملک احسا ن اور سیکرٹری انفارمیشن سٹی سلمان احمد قریشی سمیت کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری و ایم این اے چوہدری سجاد الحسن نے کہا کہ بلا شبہ ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے وہ واحد سیاست دان ہیں جو نا صرف پاکستان بلکہ اقوام عالم میں اپنے افکار اور کارناموں کی بدولت نمایاں مقام رکھتے ہیں ۔ ذوالفقار علی بھٹو فخر ایشیا اور تیسری دنیا کے عظیم رہبر قرار پائے ۔ ہماری خوش قسمتی ہے ہم سیاسی طور پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کرنے والوں میں شا مل ہیں ۔

پاکستا ن پیپلز پارٹی کی نظریاتی بنیاد اور بھٹو ازم ہماری طاقت ہے ۔ نام نہاد نظریاتی اور نظر آتی سیاست کے علمبردار بھٹو کے جیالوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے ۔ غریب عوام کی طاقت پاکستان پیپلز پارٹی ہی ہے ۔سیاسی میدان میں دولت اور دوسرے سہاروں کے ذریعے کھڑے نام نہاد لیڈر تاریخ میں اپنا نام لیڈروں کی صف میں تو شامل نہیں کروا سکتے لیکن ان کا یہ گھنائونا کردار ضرور عوام کے سامنے آئے گا*