عبدالحکیم،موٹرسائیکل و ٹریکٹر میں تصادم 2حقیقی بھائیوں سمیت 4افراد جاں بحق

ہفتہ 28 اپریل 2018 20:25

عبدالحکیم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2018ء) عبدالحکیم کے نواحی علاقہ پل دھرم پور کے نزدیک موٹرسائیکل اور ٹریکٹر میں تصادم کے نتیجہ میں موٹرسائیکل پر سوار4افراد جاں بحق ہوگئے ،بتایا جاتا ہے کہ نواحی علاقہ جھلار ملانہ کے رہائشی25سالہ جمشید بن نصیراحمد ہمراہ12سالہ مزمل بن ناصر اور20سالہ صابر بن حفیظ اپنے حقیقی بھائی11سالہ عنصرعباس کو دھرم پور پل پر واقع دینی مدرسہ جامع عظمت السلام میں چھوڑنے کیلئے جھلارمدینہ سے ملتان روڈپرباسمت عبدالحکیم آرہے تھے کہ منزل کے نزدیک پہنچ کر وہ مخالف سمت سے آنے والے ٹریکٹر کے ساتھ ٹکرا گئے ٹریکٹر کے ساتھ لگے آہنی و تیزدھارہلوں میں چاروں افراد بری طرح دھنس گئے آہنی ہل چاروں افراد کے جسموں کے اندرپیوست ہوگئے جس کے نتیجہ میں چاروں افراد کی موقع پر موت واقع ہوگئی۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق واقعہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا تمام افراد ایک ہی موٹرسائیکل ہائی سپیڈ 70سی سی KWM-3006پر سوار تھے حادثے کا شکارمتوفیان آپس میں قریبی رشتہ دار بتائے جاتے ہیں ۔نامعلوم ٹریکٹر ڈرائیورموقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔عینی شاہدین نے یہ بھی بتایا کہ ٹریکٹر کی فرنٹ لائٹ سنگل تھی جو مخالف سائیڈ سے روڈ کراس کررہا تھا۔ پولیس عبدالحکیم نے ٹریکٹر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔