غذائی قلت کے شکار بچوں کو غذائی مشورے اورعلاج معالجہ کیلئے کل سے غذائیت ویک منایا جائے گا

ہفتہ 28 اپریل 2018 20:26

فیصل آباد۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیراہتمام غذائی قلت کے شکار بچوں کو غذائی مشورے اورعلاج معالجہ کے لئے سوموار30،اپریل سے غذائیت ویک منایا جارہا ہے جس کے لئے والدین کی آگاہی کے سلسلے میں واک منعقد ہوئی جو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سے شروع ہو کر مختلف راستوںسے گزرتی ہوئی واپس اسی مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ظفر عباس نے واک کی قیادت کی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد،ڈاکٹر بلال احمد اور دیگر ڈاکٹرز کے علاوہ پیرا میڈیکل سٹاف اور سول سوسائٹی کے افرادبھی موجود تھے۔سی ای او ہیلتھ نے کہا کہ بچوں میں غذائی کمی کو دور کرنے کیلئے انہیں باالخصوص وٹامن اے اور ڈی کی حامل غذائی اشیاء فراہم کرکے انکی نشوونما اور صحت برقرار رکھی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غذائی کمی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے لہذا ماں اور بچوں کی صحت برقرار رکھنے کے لئے اقدامات میں کمی نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ 5مئی تک جاری رہنے والے غذائیت ویک کے سلسلے میں محکمہ کے ڈاکٹرز وسٹاف کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں اور بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کو غذائی مشورے اور پیٹ کے کیڑوں سے بچائو کے لئے ویکسینیشن بھی کی جائے گی۔انہوں نے والدین سے کہا کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں اور ہفتہ غذائیت کے دوران بچوں کے چیک اپ اور علاج معالجہ کرائیں۔