بجٹ سے عوام کو کسی بھی قسم کا ریلیف ملنے کی کوئی توقع نہیں،حاجی شریف بندھانی

ہفتہ 28 اپریل 2018 21:06

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2018ء) بندھانی برادری کے صدر حاجی شریف بندھانی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ سے عوام کو کسی بھی قسم کا ریلیف ملنے کی کوئی توقع نہیں، ہوشربا مہنگائی میں ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے، ن لیگ کی حکومت اپنے انتخابی وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے عوام کو مسلسل مہنگائی کی چکی میں پیس رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر حاجی خضر حیات، نائب صدر حاجی مسلم، جنرل سیکریٹری حاجی محمد یامین، ایڈیشنل سیکریٹری عبدالجبار راجپوت، خازن حافظ محمد شعیب و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حاجی شریف بندھانی و دیگر کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں، صرف اور صرف سرمایہ دار اور امراء طبقے کو نوازا گیا ہے، حکومت نے انتخابات سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے مگر 5سال پورے ہونیوالے ہیں اس کے باوجود حکومت اپنے کسی ایک بھی وعدے پر عمل نہیں کرسکی ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کو مہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا ہے، غربت و مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ ایک محنت کش اپنے بچوں کو 2وقت کی روٹی کھلانے سے بھی قاصر ہے، لوگوں کی بڑی تعداد صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، حکمران اپنے عالیشان عشرت کدوں میں عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں، غریب عوام 2وقت کی روٹی کے حصول کے لئے بھی ترس رہے ہیں۔

حکمرانوں کو عوامی مسائل کا ذرہ برابر بھی احساس نہیں ہے، انہوں نے وزیر اعظم و دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ملک میں غربت و مہنگائی کی شرح میں کمی کرنے اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے موثر اقدامات کیے جائیں۔