موجودہ بجٹ روایتی ، تنخواہ دار طبقے کو مکمل نظرانداز کیا گیا ہے، عبدالجبار خان

ہفتہ 28 اپریل 2018 21:17

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے بجٹ کو غریب عوام کے ساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ روایتی بجٹ ہے جس میں تنخواہ دار طبقے کو مکمل نظرانداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت پانچ سال تک عوام کو دھوکہ دیتی رہی ، نہ تو بجلی کا مسئلہ حل ہوا ، نہ ہی دیگر مسائل حل کئے گئے بلکہ صوبوں کے ساتھ وفاقی حکومت کا رویہ غیر مناسب رہا۔

سندھ کے اربوں روپے کے واجبات اب بھی وفاقی حکومت پر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ بجٹ میں مہنگائی کے خاتمے اور تعمیروترقی کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ رقم نہیں رکھی ہے جبکہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس سے غریب عوام جو پہلے ہی دو وقت کی روٹی سے محروم ہیں ان کے گھر کے چولہے ٹھنڈے ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حالت یہ ہے کہ ڈالر اس وقت پاکستان کی تاریخ کی مہنگی ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس سے معیشت غیر متوازن ہوچکی ہے اور غیرملکی قرضوں کا بوجھ بڑھتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے جتنے بھی ڈویلپمنٹ کے میگا پروجیکٹ شروع کئے تھے ان سب میں کرپشن ثابت ہورہی ہے اور ملکی ادارے ان پر تحقیقات کررہے ہیں۔