Live Updates

مینار پاکستان پر منعقد ہ جلسہ آئندہ کی سیاست کے رخ کا تعین کریگا‘ تحریک انصاف

اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ٹرانسپورٹرز کو ہراساں اور کارکنوں کو شرکت سے روکا جارہا ہے ‘ جمشید اقبال، مسرت چیمہ

ہفتہ 28 اپریل 2018 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) تحریک انصاف کے رہنمائوںنے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر منعقد ہ جلسہ آئندہ کی سیاست کے رخ کا تعین کرے گا ،اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ٹرانسپورٹرز کو ہراساں اور کارکنوں کی شرکت سے روکا جارہا ہے لیکن عوام ہر طرح کی رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ اور ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ پرویز خٹک سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

رہنمائوں نے کہا کہ پانامہ فیصلے کے بعد شریف خاندان کی سیاست کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو گیا ہے اور آئندہ عام انتخابات میں پوری جماعت کی سیاست منوں مٹی تلے دفن ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسے کے اعلان کے بعد سے حکمرانوں کی صفوںمیں ہلچل مچی ہوئی ہے ۔ریاستی مشینری کے ذریعے ٹرانسپورٹرز کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔ آج کا جلسہ آئندہ کی سیاست کے رخ کا تعین کرے گا اور حکمران بھی عوام کے فیصلے سے پیشگی آگاہ ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی پوری طرح متحد ہے اور آئندہ عام انتخابات میں اپنے اتحاد کے ذریعے حکمرانوں کی دھاندلی کے تمام منصوبوں اور سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات