رسالپور پولیس کی کارروائی، گاڑی کے خفیہ خانوں سے 130 کلوگرام چرس،72کلو گرام افیون برآمد، دو ملزمان گرفتار

ہفتہ 28 اپریل 2018 21:22

نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) رسالپور پولیس نے بھاری مقدار میں منشیات علاقہ غیرسے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 130 کلوگرام چرس،72کلو گرام افیون برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔رسالپور پولیس نے گاڑی قبضے میں لیکر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ سید شہزاد ندیم بخاری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوشہرہ پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ علاقہ غیر سے بھاری مقدار میں منشیات پنجاب سمگل کی جائے گی،چنانچہ اطلاع پر اے ایس پی کینٹ اویس شفیق کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ رسالپو ایوب خان پر مشتمل ٹیم رشکی انٹر چینج کے قریب ناکہ بندی پر موجود تھی کہ ایک مشکوک لینڈ کروزر گاڑی LEE9001 کو شک پڑنے پر روکنے کا اشارہ کیاجس میں گاڑی میں دو افراد سوار تھے، گاڑی کی تلاشی لینے پر گاڑی کے پچھلے سیٹ کے نیچے چھپائے گئے 130 کلوگرام چرس اور 72 کلو گرام افیون برآمد کرتے ہوئے ملزمان عابد حسین ولد نورالصمد سکنہ رٹہ کھنہ روڈ فدبابا دیبال پور اوکاڑہ ،عرفان ولد ظہوراحمد سکنہ گھنہ چک نمبر 113/9 ایل خاص ساہیوال کو گرفتار کرلیا گیاجبکہ منشیات افیون اور گاڑی پولیس نے قبضے میں لیکر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔