Live Updates

عمران نیازی پانی کا بلبلا ، 2018ء کے انتخابات میں جعلی خان کے غبارے سے ہوا نکال دیں گے،نیئر حسین بخاری

سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ(ن)والے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دینے کے لئے منتیں کر رہے تھے،کارکنوں سے خطاب

ہفتہ 28 اپریل 2018 21:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ عمران نیازی پانی کا بلبلا ہے، 2018ء کے انتخابات میں جعلی خان کے غبارے سے ہوا نکال دیں گے۔ نیئر بخاری نے یہ بات ہفتہ کو اسلام آباد میں پارٹی کی ممبرسازی مہم کے کیمپ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن)والے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دینے کے لئے منتیں کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اپنی زبان کو کنٹرول میں رکھیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وصیت قوم کے لئے مشعل راہ ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا بتایا ہوا راستہ اختیار کرکے دہشتگردوں کے خلاف جنگ شروع کی اور سوات میں دوبارہ قومی پرچم لہرایا۔

(جاری ہے)

نیر حسین بخاری نے کہا کہ طالبان کی شکست پر عمران نیازی رنجیدہ ہیں کیونکہ وہ ذہنی طور پر طالبان کے حامی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا شاندار خاندانی پس منظر ہے۔ آمریت کے دوران جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد میں انہوں نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے کرکٹ میں جوا اور بال ٹمپرنگ کے سوا اور کیا کا م کیا۔ انہوں نے سیاست میں بھی شدت پسندی کو فروغ دیا۔ نیر بخاری نے کہا کہ عمران نیازی تو قومی اسمبلی کی تنخواہ بھی ہلال کرکے نہیں کھاتے۔ وہ تنخواہ اور مراعات تو وصول کرتے ہیں مگر اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرتے۔ نیر بخاری نے کہا کہ طالبان کو شکست دے دی اب طالبان خان کی باری ہے۔ 2018 کے انتخابات میں جعلی خان کے غبارے سے ہوا نکال دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات