پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا بھارت کے ڈی جی ایم او کے ساتھ ہاٹ لائن پر رابطہ،فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھایا ، آئی ایس پی آر

ہفتہ 28 اپریل 2018 21:51

پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا بھارت کے ڈی جی ایم او کے ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) ڈی جی ایم او پاکستان نے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا معاملہ ڈی جی ایم او بھارت کے ساتھ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت الزام تراشی کی بجائے اپنا قبلہ درست کرے، دیر پا امن کے لئے بھارت ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر سیز فائر معاہدوں کی پابندی کرے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے بھارت کے ڈی جی ایم او کے ساتھ ہاٹ لائن پر رابطہ کیا اور فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھایا۔

ڈی جی ایم او پاکستان نے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ رواں سال اب تک بھارتی فائرنگ سے 219 معصوم شہری شہید ہو چکے ہیں، ان شہداء میں 112 خواتین اور 20 بجے شامل ہیں۔ ڈی جی ایم او پاکستان نے کہا کہ ایسے غیر پیشہ وارانہ اور غیر اخلاقی اقدامات امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں، بھارت الزام تراشی کی بجائے اپنا قبلہ درست کرے، دیر پا امن کے لئے بھارت ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر سیز فائر معاہدوں کی پابندی کرے۔