نجی شعبہ کراچی کے غریب عوام کو بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے آگے آئے اور اپنا کردارادا کریں، حکومت صحت کے شعبہ میں جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے‘

حقیقت یہ ہے کہ نجی شعبہ سرکاری شعبہ کی نسبت بہتر خدمات فراہم کر سکتا ہے، دونوں سرکاری اور نجی شعبوں کو چاہیے کہ معاشرے کے غریب طبقات کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اجتماعی کوششیں کریں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا دارالصحت ہسپتال کے ولیدآڈیٹوریم میں منعقدہ ڈیلائسز سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ اپریل 21:51

نجی شعبہ کراچی کے غریب عوام کو بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی شعبہ پر زور دیا ہے کہ کراچی کے غریب عوام کو بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے آگے آئیں اور اپنا کردارادا کریں، حکومت صحت کے شعبہ میں جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ نجی شعبہ سرکاری شعبہ کی نسبت بہتر خدمات فراہم کر سکتا ہے، دونوں سرکاری اور نجی شعبوں کو چاہیے کہ معاشرے کے غریب طبقات کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اجتماعی کوششیں کریں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے ہفتہ کو دارالصحت ہسپتال کے ولیدآڈیٹوریم میں منعقدہ ڈیلائسز سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ محمد زبیر اور کراچی کے میئر وسیم اختر نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور خوشحالی باقی ماندہ ملک کی ترقی سے منسلک ہے کوئی بھی حکومت کراچی کو نظر انداز نہیں کر سکتی اوراس میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو یہ ذمہ داریاں منتقل ہو چکی ہیں لیکن اس کے باوجود وفاقی حکومت اس میگا شہر کی ترقی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اور اس کے لئے کراچی پیکج دیا گیا ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ کو ہدایت کی کہ میئر کراچی کی مشاورت سے اس پیکج پر عملدرآمد کرائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے توانائی کا مسئلہ بھی حل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اس کے لئے تمام جماعتوں کو چاہیے کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر آئیں تا کہ عوامی مسائل کو حل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نے کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے لئے ٹیکس مراعات کا اعلان کیا ہے جس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ انسانیت کی خدمت کیلئے آگے بڑھیں۔