ہزاروں فلسطینیوںکی مظاہرے میں شرکت،صیہونی درندوںکی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید،60 زخمی

ہفتہ 28 اپریل 2018 22:38

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اپریل2018ء) ہزاروں فلسطینیوں نے اسرائیلی سرحد پر مظاہرے میں شرکت کی،مورچہ بند اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید اور60 زخمی ہو گئے،اسرائیلی فوج نے آنسو گیس شیل کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 40زخمی ہوئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی کے محکمہ صحت کے مطابق ،گزشتہ روز ہزاروں فلسطینیوں نے اسرائیلی سرحد پر مظاہرے میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

مورچہ بند اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی مظاہرین پر چلائی گئی گولیوں کے باعث ایک فلسطینی شہید اور60 زخمی ہوئے ہیں۔ اِن زخمیوں میں ایک فلسطینی صحافی بھی شامل ہے۔ بتایا گیاہے کہ احتجاج کے اس سلسلے میں ہلاکتوں کی تعداد 42 تک پہنچ گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کا بھی بے دریغ استعمال کیا اور شیلوں سے 140 مظاہرین زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ ہر جمعے کو اسرائیلی سرحد پر احتجاج کرنے کا سلسلہ فلسطینیوں نے اس سال 30مارچ سے شروع کر رکھا ہے۔