عوام الناس ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کی لہر سے نبرد آزما ہیں، ایم پی اے ڈاکٹر مراد راس

ہفتہ اپریل 22:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اور رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ عوام الناس ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کی لہر سے نبرد آزما ہیں وفاقی حکومت کے بجٹ نے جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کیا ہے وفاقی بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا، جس سے تنخواہ دار طبقہ زیادہ متاثر ہو گا کیونکہ ان کی تنخواہوں میں محض دس فیصد اضافہ کر کے انہیں مہنگائی کے جن کے آگے پھینک دیا گیا ہے۔

وہ ہفتے کو اپنے دفتر میں کارکنوں کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور اعلانات کے برعکس فی الحال عوام کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی کہیں سے بھی ہلکا سا ریلیف ملتا محسوس نہیں ہو رہا جس کی وجہ سے عوام کا پارا مزید بلند ہو رہا ہے۔ تاجروں اور دکانداروں نے دونوں ہاتھوں سے اس ماہ میں عوام کو لوٹنے کے لئے عام اشیائ کے نرخ میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے اور پنجاب حکومت کی گڈگورننس کہیں نظر نہیں آ رہی۔ ان حالات میں حکمران اگر غریب پرور بجٹ پیش کرتے، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے مزید سخت اقدامات کرتے تو رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کا احساس ہوتا مگر حکومت ایسے اقدامات سے قاصر نظر آتی ہے۔