پاکستان کی خواتین کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع تشکیل دیئے جائیں گے کمپیوٹر کوڈنگ کے شعبہ میں خواتین کے ٹیلنٹ کو سراہا جانا چاہئے

وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا ہوا وے ٹیکنالوجیز پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:01

پاکستان کی خواتین کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع تشکیل دیئے جائیں گے کمپیوٹر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اپریل2018ء) ہوا وے ٹیکنالوجیز پاکستان نے حال ہی میں وزیراعظم سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ’’ گرلز ہو کوڈ‘‘ کی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں ہوا وے ٹیکنالوجیز نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے پروگرام میں شریک لڑکیوں کیلئے 150 ٹیبلٹس عطیہ کئے۔ ہوا وے پاکستان کی ترقی کیلئے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اپنی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

ادارے کے بنیادی اہداف میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کام کرنا شامل ہے جہاں خواتین اور لڑکیاں اپنے خاندانوں کیلئے مفید شراکت دار بن سکتی ہیں اور وہ ملکی معیشت میں بھی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ نئے ڈیجیٹل دور میں مہارتیں پاکستان کے نوجوانوں کو بہت زیادہ مواقع پیش کرتی ہیں اور ہوا وے اس مقدس مقصد میں پاکستان کی خواتین اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی حمایت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

تقریب میں شریک وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہوا وے اور مائیکرو سافٹ کا اس پروگرام میں حصہ بننا ہمارے لئے بہت خوشی کا باعث ہے۔ یہ پروگرام خاص طور پر پاکستان کی لڑکیوں کو ڈیجیٹل علم فراہم کرنے کے لئے ہے تاکہ وہ روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں اور اپنے لئے اور اپنے خاندانوں کے لئے معاون ثابت ہو سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی پاکستان بھر میں انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اس لئے یہ رابطہ عام ہو سکتا ہے اور لوگ اس سے مفید ہو سکتے ہیں۔

یہ پروگرام پاکستان کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے ہمارے وژن پر پورا اترتا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد صنفی تقسیم کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل تقسیم کو ملانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع تشکیل دیئے جائیں گے۔ وہ ٹیلنٹ رکھتی ہیں لہذا انہیں کوڈنگ کے شعبہ میں آگے بڑھنے اور سیکھنے پر سراہا جانا چاہئے۔ اس پروگرام کو دیگر ممالک کے لئے ایک ماڈل کے طور پر کام کرنا چاہئے اور ہر ایک کے لئے حوصلہ افزائی کا ایک حقیقی ذریعہ ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا کامیاب نفاذ تمام پاکستانیوں بالخصوص میرے لئے بہت فخر کی بات ہے۔ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے ہوا وے سے کہا کہ وہ لڑکیوں کی مدد کرے اور انہیں ٹیبلٹس فراہم کرے اور ہوا وے نے اس ضمن میں انتہائی سخاوت کا مظاہرہ کیا۔ ان لڑکیوں نے اپنی زندگی میں پہلے کبھی کمپیوٹر نہیں دیکھا تھا اور اس کو یو ایس ایف، مائیکرو سافٹ اور ہوا وے کی معاونت اور کوششوں کے ذریعے ممکن بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ان لڑکیوں کو کمپیوٹر مہارتوں پر تربیت فراہم کی گئی اور اب ان کے پاس کمپیوٹر کی مہارت ہے لہذا وہ اپنے لئے اور اپنے خاندانوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لڑکیاں اپنے خاندانوں کیلئے آمدن کا ذریعہ ہوں گی۔ انوشہ رحمان نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان لڑکیوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کوڈنگ کے پیشہ میں آگے لے جایا جائے۔

یہ لڑکیاں اپنے آپ کو قابل بنا کر ٹیچرز اور کاروباری شخصیات بن سکتی ہیں۔ ہوا وے کا خیال ہے کہ دنیا بھر میں مسابقتی خواتین کے طبقے کو ہر کاروباری و سماجی شعبہ میں مضبوط ترقی کے قابل بنانا انتہائی ضروری ہے۔ تمام ترقی یافتہ اقوام صلاحیتوں کی تعمیر میں کامیاب ہو چکی ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی خواتین کی صلاحیتوں کو مکمل طور پر ترقی دی ہے۔ یہ پاکستان کیلئے وقت کی ضرورت ہے کہ اس نظر انداز طبقہ کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے اس کی ڈیجیٹلی مہارت یافتہ خواتین کی افرادی قوت کے کردار کو تسلیم کیا جائے اور ان کی مہارتوں میں اضافہ کیا جائے۔