سانحہ ماڈل ٹائون کے ملزمان کمرہ عدالت میں دھمکیاں دے رہے ہیں،عمر ورک کے وکیل نے کہا جسے عمر دھمکی دے وہ عدالت تک نہیں پہنچ پاتا،یہ مکالمہ جج کے سامنے ہوا،

جب تک سانحہ میںملوث افسران عہدوں پر بر قرار رہینگے دھمکیاں ملتی رہینگی،ہم جانتے ہیں خواتین کو قتل کرنے والے کسی حد تک گر سکتے ہیں،سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور کی گفتگو

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:01

سانحہ ماڈل ٹائون کے ملزمان کمرہ عدالت میں دھمکیاں دے رہے ہیں،عمر ورک ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اپریل2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے پولیس افسر ملزمان کمرہ عدالت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔عمر ورک کے وکیل نے دوران سماعت کہا کہ جسے عمر ورک دھمکی دے وہ یہ بتانے کیلئے بھی عدالت نہیں پہنچ پاتا کہ میرے ساتھ کیا ہوا۔

اے ٹی سی کے معزز جج کے سامنے یہ مکالمہ ہوا،یہ دھمکی اور پیغام شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثا،مدعی استغاثہ،گواہان اور یہاں تک کہ عدالت کیلئے بھی تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹائون میںملوث پولیس افسران کس قماش اور کردار کے لوگ ہیں۔انہوں نے 17جون 2014 کے دن 100لوگوں کو گولیاں مار کر سفاک درندے ہونے کا عملی ثبوت فراہم کیا۔

ان بزدلوں نے 2خواتین کو بھی گولیاں مار کر شہید کیا،جو خواتین کو قتل کر سکتے ہیں وہ کسی بھی حد تک گر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف نے پنجاب کو پولیس سٹیٹ بنایا اور جعلی پولیس مقابلوں کو فروغ دیا ۔انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں جب تک سانحہ ماڈل ٹائون میں ملوث پولیس افسران اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے ان کے دماغ خراب رہیں گے۔انہیں کیس کے فیصلے تک فیلڈ ڈیوٹیوں سے ہٹایا جائے۔