سعودی عرب میں معروف ادبی تنظیم حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کی کتاب "خوشبو کے جھونکے " کی رونمائی کی تقریب

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 28 اپریل 2018 20:42

سعودی عرب میں معروف ادبی تنظیم حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2018ء نمائندہ خصوصی،خرم خان،ریاض سعودیہ ) سعودی عرب میں معروف ادبی تنظیم حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کی کتاب "خوشبو کے جھونکے " کی رونمائی کی تقریب سفارتخانہ پاکستان ریاض کے چانسری ہال میں منعقد ہوئی جس میں ادب سے لگاو رکھنے والے پاکستانی کیمونٹی کے مرد و خواتین کے علاوہ سفارت خانہ پاکستان کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی تقریب کی صدارت سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق کی نیابت کرتے ہوئے قائم مقام سفیر پاکستان سردار محمد خٹک نے کی، اور مہمان خصوصی حلقہ فکروفن الریاض کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری تھے جبکہ نالج کور کے سرپرست اعلی شہزاد عالم صدیقی نے بطور مہمان اعزازی شرکت کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید فرقان حکیم سے کیا گیا جس کا شرف ڈاکٹر محمود باجوہ کو حاصل ہوا اور ہدیہ نعت معروف نعت خواں محمد اصغر چشتی نے پیش کیا حلقہ فکروفن کے جنرل سیکرٹری معروف شاعر ادیب اور صحافی وقار نسیم وامق نے اپنے منفرد انداز میں خوبصورتی سے نظامت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے آنے والے تمام معزز مہمانوں اور حاضرین کو خوش آمدید کہا اور کتاب پر اپنا تفصیلی مقالہ پیش کیا سفارت خانہ پاکستان میں منعقدہ تقریب میں مقررین جن میں ڈاکٹر زید مرتضی ملک ؛ محمد خالد رانا ؛ ڈاکٹر ندیم احمد بھٹی ؛ حافظ عبدالوحید ؛ امین تاجر اور دیگر نے کتاب خوشبو کے جھونکے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی کہ یہ کتاب ادب کی دنیا میں اہم ترین اضافہ ہے، ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے اپنے قلم سے ایسے موضوعات کا چناو کیا ہے جوکہ ہماری روزمرہ زندگی میں رونما ہوتے ہیں مگر ہم انہیں عام سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، تمام مقررین نے مصنف کو ایک بہترین کتاب تحریر کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا کتاب کے مصنف ڈاکٹر ریاض چوہدری کا کہنا تھا کہ انہیں سعودی عرب میں مقیم ہوئے ایک عرصہ گزر چکا ہے یہاں کی ادبی محفلوں میں ادب کو جس طرح فروغ ملتا ہے وہ یقینا قابل تحسین ہے انہوں نے کتاب میں کوشش کی ہے کہ عام فہم موضوعات کو زیر بحث لایں تاکہ ہر آدمی اس سے مستفید ہو سکے ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے کہا میری تمنا تھی کہ اس ہستی سے نابود ہونے سے پہلے تجربات احساسات اور یاداشتوں کو اپنے قلم کی زینت بنا سکوں اردو ادب کے فروغ اور پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے میں مصروف عمل ہوں جو میرا حقیقی مشن ہے تقریب کے مہمان خصوصی نائب سفیر سردار محمد خٹک کا کہنا تھا کہ جس معاشرے میں ادب کو فروغ دینے کا کام ہو وہ معاشرے ہمیشہ بہتری کی جانب گامزن ہوتے ہیں ایسے لوگ ہمارا سرمایہ ہیں ہمیں ان کی بھرپور قدر کرنی چاہئیے مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ ہمارے گردو پیش کے حالات و واقعات اہل قلم وفکر کو لکھنے سوچنے اور تخلیق کرنے پر مجبور کرتے ہیں ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہماری ثقافت محبت اور اخوت پر مبنی ہے ہمارا معاشرتی نظام ثقافتی ڈھانچے اور حتی کہ کھیل کود میں بھی محبت اتحاد واتفاق کے مختلف پہلو پوشیدہ ہیں جن کو آشکار کرنے کی اشد ضرورت ہے مہمان خصوصی نے خوبصورت کتاب کی رونمائی پر مبارک باد دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا آخر میں نالج کور اکیڈمی کی جانب سے ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کو انکی ادبی خدمات پر اعزازی شیلڈ بھی دی گئی اور حلقہ فکروفن کی جانب سے پروفیسر شہزاد عالم صدیقی کو بھی اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا ڈاکٹر محمد آصف قریشی کی دعائے خیر کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی تقریب کے تمام حاضرین اور معزز مہمانوں نے خوبصورت اور کامیاب تقریب منعقد کرنے پر حلقہ فکروفن الریاض کے تمام ممبران کو مبارک باد دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ حلقہ فکروفن آئندہ بھی اپنے ادبی اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد جاری وساری رکھے گا، آخر میں شرکائے تقریب کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔