تعمیراتی سرگرمیوں میں جدید ٹیکنالوجی اور مہارت وقت کی اہم ضرورت ہے

ہفتہ اپریل 23:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2018ء) میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ تعمیراتی سرگرمیوں میں جدید ٹیکنالوجی اور مہارت وقت کی اہم ضرورت ہے‘ شہروں میں کی جانے والی تعمیرات کو دیر پا بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے آرکیٹکٹس اور ٹائون پلانرز کی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت کریں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نی گزشتہ روز اسلام آباد میں بلڈنگ میٹریل اور دیگر تعمیراتی اشیاء اور آرکیٹکٹس (آئی اے پی ای ایکس) کے کاموں کی تین روزہ نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

اس نمائش میں مختلف تعمیراتی کاموں کے سپلائرز اور مینوفیکچررزاپنے اشیاء کی نمائش کر رہے ہیں جبکہ نہ صرف ملکی بلکہ دنیا بھر سے آئے ہوئے آرکیٹکٹس شہری تعمیر و ترقی اور بلڈنگ میٹریل انڈسٹری میں آنے والی جدت سے بھی آگاہی دیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو بتایا گیاکہ اس تین روزہ نمائش کا اہتمام انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹکٹ پاکستان (آئی اے پی) نے کیا ہے جو 29 اپریل تک جاری رہے گی۔

انہیں بتایا گیا کہ (آئی اے پی ای ایکس) سال کی سب سے بڑی آرکیٹکچرل نمائش ہے جو آرکیٹکچر کے شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو باہمی تجربات سے استفادہ کرنے کے بھر پور مواقع فراہم کرتی ہے۔ میئر اسلا م آباد نے کہا کہ فن تعمیر میں مسلمانوں نے ماضی میں اپنا مقام نمایاں رکھا ہے بلکہ مسلم دور کے فنِ تعمیر کے شاہکار نہ صرف دنیا میں آج بھی سراہے جاتے ہیں بلکہ مسلمانوں کے اس دور کی فن تعمیر کی لازوال تاریخ کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس نمائش سے ملکی آرکیٹکٹس اور قومی سطح کے ڈویلپرز کو تعمیراتی تکینک میں آنے والی جدت کے بارے میں آگاہی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش مختلف آرکیٹیکٹس ، وینڈرز، طلباء اور عام پبلک کو ایک چھت تلے جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے میں مددگار ثابت ہو گی جس سے ان کے باہمی رابطے میں بہتری آئے گی اور وہ اپنی معلومات کو نئے طریقوں اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کر سکیں گے۔

میئر اسلام آباد نے کہا کہ حال ہی میں اسلام آباد میں کورال اور سوہان انٹر چینجز کو مکمل کیا گیا ہے جو فن تعمیر ،جمالیاتی حسن اور جدید ٹیکنالوجی کا حسین امتزاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کا واحد شہر ہے جو باقاعدہ ایک ماسٹر پلان کے تحت تعمیر کیا گیا ۔انہوں نے کہا اس ماسٹر پلان پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے میٹرو پولیٹین کارپوریشن نے ایک جامع پلان ترتیب دیا ہے جس کے تحت اسلام آباد کے مضافاتی اور گرد و نواح میں تعمیراتی سرگرمیوں کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے پہلی بار اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ شہر میں بلڈنگ بائی لاز کے نفاذ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ بے ہنگم اور بے ترتیب آبادی اور تعمیر کی حوصلہ شکنی ہو اور جدید ٹیکنالوجی کو حوصلہ افزائی ہو سکے۔ اس موقع پرمیئر اسلام آباد نے مختلف سٹالوں کا دورہ بھی کیا اور منتظمین کی طرف سے نمائش کے شاندار اانتظامات کو بھی سراہا۔