بجٹ میں کسانوں، مزدوروں اور غریب عوام کے لیے کچھ نہیں ہے، ایاز لطیف پلیجو

وفاقی حکومت نے 10کھرب کے ترقیاتی بجٹ میں سندھ سمیت تین صوبوں کو نظرانداز کیا ہے،صدر قومی عوامی تحریک

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:38

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں کسانوں، مزدوروں اور غریب عوام کے لیے کچھ نہیں ہے، وفاقی حکومت نے 10کھرب کے ترقیاتی بجٹ میں سندھ سمیت تین صوبوں کو نظرانداز کیا ہے، المیہ ہے کہ پیٹرول، گیس، زراعت، سمندر سمیت دیگر وسائل ہونے کے باوجود کروڑوں عوام 2 وقت کی روٹی کے لیئے پریشان ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں کے وفود سے گفتگو میں ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ میں غربت بھوک بدحالی اور بیروزگار ی کی وجہ سے خود سوزی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، صحت کی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے غریب لوگ بیماریوں کے باعث تڑپ تڑپ کر مر رہے ہیں، ہر بجٹ امیر کو مزید امیر اور غریب کو غریب تر کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کرپشن اور اقرباء پروری کی وجہ سے پاکستان کو سوشل ویلفیئر اسٹیٹ بنانے کا خواب تعبیر نہیں ہو سکا ہے، سندھ میں زمینوں پر قبضے کے لیئے چھوٹے اور مخالف آبادگاروں کو پانی نہیں دیا جا رہا، گندم، گنے، چانول سمیت تمام فصل کی قیمتیں گرائی جاتی ہیں، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ تباہ کی گئی زراعت کی بحالی کے لیئے کھاد، بیج، زرعی ادویہ، ٹریکٹر، زرعی اوزار سستا کرکے حکومت زرعی پیکیج دیتی، لوڈشیڈنگ کے عذاب سے جان چھڑانے کے لیئے سولر سسٹم اور یو پی ایس کی قیمتیں کم کر کے اس پر سے ٹیکس ختم کیا جاتا، بجلی کو سستا کیا جاتا، وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ کے پسماندہ علاقوں اچھڑو تھر، تھرپارکر، کوہستان، کاچھو، عمرکوٹ،بدین، سانگھڑ اور دیگر علاقوں کے لیئے پیکیج دیا جاتا، سندھ اور پاکستان میں غریب کسانوں،مزدوروں، اقلیتوں، بیواہوں، نابالغ یتیم اور معذور لوگوں کے لیئے حکومت میڈیکل اور خوراک کے کارڈ جاری کرتی، حکومت کو موٹر سائیکلوں اور سائیکلوں پر سے ٹیکس ختم کرنا چاہئے تھا، انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت پاکستان کے دیگر صوبوں سے پیٹرول اور گیس نکلتا ہے مگر اس کی قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں ان قیمتوں کو کم کیا جائے، پیٹرول 50 روپے فی لیٹر کیا جائے، یوٹیلٹی کارپوریشن کو کارآمد بنا کر آٹا، دال، چانول، کوکنگ آئل اور دیگر راشن سستا کیا جائے۔