ایسا متوازن بجٹ کوئی پیش نہیں کر سکتا تھا‘حکومت نے عوام دوست بجٹ میں عوام کے دل جیت لئے ہیں ‘ سید شجاعت علی پاشا

ہفتہ اپریل 23:40

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید شجاعت علی پاشا نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ووٹ کے تقدس ، جمہوریت کی بحالی کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے خلاف تقاریر کرنے والے تبدیلی کے دعویدار سینٹ الیکشن میں ووٹ بھی پیپلز پارٹی کو ہی دیا اور آئندہ بھی دیں گے ۔

الیکشن وقت پر ہوں گے اور پاکستان کے عوام ترقی اورجمہوریت کے دشمنوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخابات میں زیادہ ووٹوں سے کامیاب ہو گی ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کو نا اہل کر کے لیگی کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے ۔ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی واضح فتح یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں پارٹی چاروں صوبوں میں حکومت بنا کر مخالفین کی بولتی بند کر دے گی ۔

ہماری حکومت ترقی کے منصوبوں کو جاری رکھے گی اور حکومت نے تاریخ ساز بجٹ پیش کر کے ہر مکتبہ فکر کے عوام کا دل جیت لیا ہے ۔ ایسا متوازن بجٹ کوئی پیش نہیں کر سکتا تھا اور حکومت نے عوام دوست بجٹ میں عوام کے دل جیت لئے ہیں ۔ قوم مسلم لیگ کے ساتھ کھڑی ہے۔