آئندہ موسم برسات میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو اور ریلیف سے متعلقہ تمام محکمے الرٹ رہیں‘ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:41

لالہ موسیٰ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ آئندہ موسم برسات میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو اور ریلیف سے متعلقہ تمام محکمے الرٹ رہیں، ہنگامی حالات کی صورت میں بروقت اقدامات کیلئے دستیاب وسائل اور مشینری کو فنکشنل حالت میں رکھا جائے، ٹی ایم او گجرات اور میونسپل کمیٹیاں اپنی حدود میں سیوریج نالوں کی ہر پندرہ دن بعد صفائی یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ ڈئیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈ ی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلع گجرات کے ماضی میں سیلاب سے متاثر ہونیوالے 138دیہات کا سروے کر لیا گیا ہے ، دریائے چناب کے تمام حفاظتی بند بہتر حالت میں ہیں، تاہم بہلول پور بند کے قریب کٹائو کیوجہ سے علاقہ میں نیا بند بنانے کی تجویز حکومت پنجاب نے منظور کر لی ہے جبکہ لالہ موسیٰ کو سیلاب سے بچانے کیلئے 400ملین روپے سے زائد لاگت سے نالہ بھمبر پر حفاظی بند کی تعمیر کا 75فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ریسکیو 1122، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران سے ان اداروں کے پاس موجود مشینری کی فنکشنل ہونے کے سرٹیفکیٹ حاصل کر لئے گئے ہیں، 3مئی کو ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و جوان ہنگامی حالات سے نمنٹنے کیلئے مشقوں میں حصہ لیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیلاب سے بچائو کیلئے اقدامات کے ساتھ ناگہانی صورتحال میں ریسکیو اور ریلیف کیلئے تمام وسائل کو مربوط کیا گیا ہے، سیلابی صورتحال میں مرکز ی کنٹرول روم ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم ہوگا ، جبکہ ماضی میں متاثر ہونیوالے علاقوں کو مختلف سیکٹرز میں تقسیم کردیا گیا ہے جہاں ریلیف کیمپ قائم کئے جاسکتے ہیں، ان ریلیف کیمپوں میں ریونیو، ہیلتھ، لائیو سٹاک، زراعت ، سول ڈیفنس سمیت دیگر محکموں کے افسران و ملازمین ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خالد شیخ، اسسٹنٹ کمشنرز وقار حسین، اویس منظور، عزوبہ عظیم، تمام محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔