Live Updates

مسلم لیگ (ن) کی سیاست، صداقت اور اقدار پر مبنی ہے،عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کئے، نہ ہی کسی کے خلاف لغو زبان استعمال کی،آئندہ عام انتخابات میں عوام حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی بھرپور حمایت کریں گے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا سینیٹر راحیلہ مگسی کی رہائشگاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب

اتوار 29 اپریل 2018 01:50

ٹنڈو اللہ یار۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی بھرپور حمایت کریں گے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر راحیلہ مگسی کی رہائشگاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا دیگر سیاسی جماعتوں سے آسانی سے موازنہ کرسکتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی نے مخالفین کو پیچھے چھوڑ دیا،اس نے انفراسٹرکچر، بندرگاہ اور توانائی کے میگا ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جن کا گزشتہ 65 برسوں میں کوئی موازنہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرنے جارہی ہے جس سے جمہوری نظام مزید مضبوط ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی گزشتہ پانچ برس کی پالیسیوں کی بدولت شرح نمو چھ فیصد تک پہنچ گئی ہے جسے مزید تقویت مل رہی ہے جس سے صوبوں کے حصہ میں بھی اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم نے کہاکہ مختلف سیاسی جماعتوں کی صوبوں میں حکومتیں ہیں اور عوام کارکردگی کی بنیاد پر ان کا آپس میں موازنہ کرسکتے ہیں۔ جب سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی اور خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومتوں سے موازنہ کیا جائے تو پنجاب میں پاکستان مسلم گیگ (ن) اپنے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے ساتھ منفرد کارکردگی کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست، صداقت اور اقدار پر مبنی ہے اور اس نے عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کئے اور نہ ہی کسی کے خلاف لغو زبان استعمال کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ عوام اپنے مینڈیٹ کے ذریعے آئندہ حکومت تشکیل دیں گے اور وہ نوازشریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی بھرپور حمایت کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں اس علاقہ سے بھی کامیاب ہوگی۔ وزیراعظم نے پارٹی کیلئے راحیلہ مگسی کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے علاقہ کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کی بھی یقینی دہانی کرائی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات