پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انتخابات کیلئے مرکزی الیکشن کمشنر اور صوبائی الیکشن کمیٹیوں کے ارکان کے ناموں کا اعلان کر دیا

اتوار 29 اپریل 2018 01:50

لاہور۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انتخابات کیلئے مرکزی الیکشن کمشنر اور صوبائی الیکشن کمیٹیوں کے ارکان کے ناموں کا اعلان کر دیا ۔ چودھری محمد ریاض مرکزی چیف الیکشن کمشنر ہوں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے اضلاع اور صوبوں میں انتخابات کیلئے صوبوں کیلئے الیکشن کمشنرز، ارکان اور کوآرڈینیٹرز کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

پنجاب کیلئے سابق آئی جی پولیس خادم حسین بھٹی الیکشن کمشنر ہوں گے۔ ارکان میں سابق ایڈیشنل سیکرٹری کامرس واجد بخاری، کرنل (ر) سکندر گھمن،ملک عثمان اعوان ایڈووکیٹ اور خالد قیوم شامل ہیں۔ سندھ کیلئے سابق آ ئی جی سندھ مشتاق احمد شاہ الیکشن کمشنر ہوں گے جبکہ بریگیڈئیر (ر)خالد مختار فارانی رکن ہوں گے۔

(جاری ہے)

کے پی کیلئے میجر (ر) محمد افضل الیکشن کمشنر جبکہ اولمپیئن ڈاکٹر عاطف بشیر رکن ہوں گے۔

بلوچستان کیلئے چودھری فرمان الیکشن کمشنر جبکہ احسان اللہ رکن ہوں گے ۔ اسلام آباد کیلئے لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد نعیم الیکشن کمشنر اور دلاور حسین رکن ہوں گے۔ گلگت بلتستان کیلئے طارق میر الیکشن کمشنر اور عاطف شمشیر رکن ہوں گے۔ فاٹا میں الیکشنز کیلئے محمد ریاست الیکشن کمشنر اور محمد خرم ملک رکن ہوں گے۔ آزاد جموں کشمیر کیلئے ظہو رجنجوعہ الیکشن کمشنر جبکہ چودھری منور حسین رکن ہوں گے۔

صوبائی الیکشن کمشنرز کا اجلاس تیس اپریل کو نیشنل ہاکی سٹیڈیمنلاہور میں ہو گا جس میں انتخابات کے لئے تفصیلات طے کی جائیں گی ۔ فیڈریشن کی جانب سے الیکشنز کے لئے مقرر کی گئی تاریخوں کے مطابق کلبوں کی سکروٹنی اور ضلعی انتخابات تین مئی تک مکمل کئے جائیں گے۔ صوبائی ایسوسی ا یشنز کے انتخابات دس مئی تک مکمل کئے جائیں گے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات 15مئی تک مکمل کئے جائیں گے۔