پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام 17ویں قومی نیٹ بال چیمپین شپ (مردوخواتین) 2018 4 سے 7مئی تک حمیدی ہال، پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد میں کھیلی جائے گی

اتوار 29 اپریل 2018 12:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتام اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے 17ویں قومی نیٹ بال چیمپین شپ (مردوخواتین) 2018 4 سے 7مئی تک حمیدی ہال، پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں کے مطابق چیمپین شپ میں پاکستان آرمی، ائیرفورس، نیوی، پولیس، واپڈا، ریلوے، ہائر ایجوکیشن کمیشن، چاروں صوبوں کے علاوہ اسلام آباد، فاٹا، گلگت اور آزاد کشمیر کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

پاکستان آرمی مردوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا جبکہ خواتین میں صوبہ سندھ اعزاز کا دفاع کرے گا، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن جیتنے والی ٹیموں کو ٹرافی، میڈلز، سرٹیفکیٹ اور کیش ایوارڈ دے گی۔

(جاری ہے)

قومی نیٹ بال چیمپین شپ میں پہلی پانچ پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں نیشنل گیمز 2018 کے لئے کوالیفائی کرے گی۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن دوران قومی نیٹ بال چیمپین شپ قومی خواتین ٹیم کا چنائو بھی کرے گا جوکہ ماہ اگست سنگاپور میں ہونے والی ایشین وومن نیٹ بال چیمپین شپ میں شرکت کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی مردوں کی نیٹ بال ٹیم کا بھی چنائو ہو گا جو دسمبر میں آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ہونے والے انٹرنیشنل چیمپین شپ میں شرکت کرے گی۔