جموں میںسی آر پی ایف اہلکار نے ایک خاتون کی آبرو ریزی کی

اتوار 29 اپریل 2018 13:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموں میں ایک 24سالہ خاتون نے کہا ہے کہ بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورسز کے ایک اہلکارنے انہیں کیمپ میں لے جاکر ان کی آبروریزی کی اور حبس بے جا میں رکھا ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع پونچھ کے علاقے منڈی سے تعلق رکھنے والی خاتون نے پولیس سٹیشن دومانہ میںتحریری شکایت درج کراتے ہوئے کہاکہ سی آر پی ایف کے تین اہلکاروں کا ایک گروپ انہیں مدد کرنے بہانے کیمپ میں لے گیا جہاں ایک اہلکار نے اس کی آبرو ریزی کی۔

(جاری ہے)

خاتون نے کہاکہ سی آر پی ایف اہلکار نے واقعے کی ویڈیو فلم بنائی اور ان کو دھمکی دی کہ اگر اس نے واقعے کے بارے میں پولیس یا کسی اور کو بتایا تووہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرے گا۔پولیس کے مطابق خاتون نے اپنی شکایت میں کہاکہ وہ شام ساڑھے سات بجے بس سے اترکر اپنے رشتہ دار کے گھر جارہی تھی کہ راستہ بھول گئی۔ سی آر پی ایف کیمپ کے باہر تین اہلکاروں نے انہیں روکا اور مددکرنے کے بہانے کیمپ کے اندر لے گئے جہا ایک اہلکار نے اس کی آبروریزی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس درج کرکے تحقیقات کی جارہی ہے۔