پاک ایران آزاد تجارتی معاہدہ جون میں نافذ ہو جائے گا‘خواجہ حبیب الرحمان

دونوں ممالک کے درمیان2021ء تک دو طرفہ تجارت کا حجم 5ارب ڈالر تک بڑھ جائیگا‘ صدر ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ

اتوار 29 اپریل 2018 13:30

پاک ایران آزاد تجارتی معاہدہ جون میں نافذ ہو جائے گا‘خواجہ حبیب الرحمان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدرخواجہ حبیب الرحمان نے کہاہے پا کستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کو مئی میں حتمی شکل دیدی جائے گی جبکہ جون تک اس کو نافذ کردیا جائے گا، معاہدے کے تحت پاکستان نے ایران کی 339 اشیاء کیلئے ٹیکسوں میں رعایت رکھی ہے جبکہ تہران کی جانب سے پاکستان کی 309 اشیاء پر یہ رعایت منظور کی گئی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معاہدے کے بعد دونوں ممالک ایک دوسرے کی 80 فیصد اشیاء کی درآمدات و برآمدات کی ڈیوٹی میں رعایت دینے کے پابند ہو ں گے۔2021ء تک دو طرفہ تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھا نے کیلئے دونوں ممالک نے بینکاری کے شعبے میں خصوصی توجہ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے جس کے تحت پا کستان اور ایران کے بڑے شہروں میں بینک کھولے جائیں گے۔

(جاری ہے)

خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ پاکستانی چاول، آم، کینو، موسمی، سرجیکل آلات، کھیلوں کے سامان، کپاس، ٹیکسٹائل مصنوعات کے لئے ایران بہترین منڈی ہے جبکہ ترکی، آذر بائیجان اور روس تک پہنچنے کی ایک گزرگاہ بھی ہے ۔افغانستان سے کشیدہ تعلقات کی وجہ سے ترکمانستان تک پہنچنے کا راستہ بھی ایران ہے جسے پاکستان نظر انداز نہیں کرسکتا۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ صرف ڈیڑھ ارب ڈالر میں پاکستان ایران سے پانچ ہزار میگاواٹ بجلی خرید سکتا ہے جس سے پاکستان کی معیشت میں پیداواری انقلاب آجائے گا اور پیداوار میں اضافے کی وجہ سے حکومت ایک سال میں قیمت پوری کرلے گی جبکہ ایران سے آنے والی گیس سے بھی پاکستان خود سستی بجلی بنانے کے قابل ہو جائے گا۔