حوثیوں کے ہاتھوں یمن کے تاریخی شہرکے صفحہ ہستی سے مٹنے کا خطرہ

الزبید شہر میں داخلے سے سرکاری فوج کو روکنے کے لیے حوثیوں نے جگہ جگہ بارودی سرنگیں بچھادیں،مقامی باشندے

اتوار 29 اپریل 2018 14:10

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) یمن میں حکومت کے خلاف برسرجنگ ایران نواز حوثی گروپ نے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ملک کے تاریخی شہر زبید میں سیکڑوں کی تعداد میں بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں جس کے نتیجے میں شہر کے وجود کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ۔عرب ٹی وی کے مطابق حوثی پہلے بھی الزبید شہر کو تباہ کرنے کی دھمکیاں دیتے آئے ہیں۔

ایک ایسے وقت میں جب باغیوں کی طرف سے شہر کے تاریخی آثار کو تباہ وبرباد کرنے کی دھمکیاں موجود ہیں بارودی سرنگوں کا بچھایا جانا انتہائی خطرناک اشارہ ہے۔مقامی شہریوں نے بتایا کہ الزبید شہر کے مغربی ساحل کی طرف سے یمن کی سرکاری فوج عرب اتحادی فوج کی معاونت سے تیزی کے ساتھ الزبید شہر کی طرف بڑھ رہی ہے۔ سرکاری فوج شہر سے 37 کلو میٹر دور ہے۔

(جاری ہے)

اسے روکنے کے لیے حوثی باغیوں نے شہر میں جا بہ جا بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں۔مقامی باشندوں کے مطابق حوثی باغیوں نے نہ صرف شہر کے داخلی راستوں پر سیکڑوں کی تعداد میں بارودی سرنگیں نصب کی ہیں بلکہ شہر کی تاریخی عمارتوں، قلعوں، دیواروں اور دیگر اہم مقامات پر بھی بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں۔ باغیوں نے الزبید شہر میں لڑائی کے لیے بھاری توپ خانہ بھی منتقل کردیا ہے۔شہر میں 2400 پرانی تاریخی یادگار عمارتیں مسلمانوں کی عظمت رفتہ کی علامت ہیں۔ ان میں بعض عمارتیں 200 اور بعض 600 سال پرانی ہیں۔ فرانسیسی مستشرق پول پونفال اس شہر کو مشرق کا آکسفرڈ قرار دے چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :