بھارت اور چین کے مابین سرحد پر امن قائم رکھنے پر اتفاق

دونوں ممالک کے قریبی تعلقات سے عالمی سطح پر اثر و رسوخ میں اضافہ ہو گا،بھارتی وزارت خارجہ

اتوار 29 اپریل 2018 14:10

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) بھارتی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے تاریخی دورہ چین کے اختتام پردونوں ممالک نے اپنی مشترکہ سرحدوں میں کشیدگی کم کرتے ہوئے امن قائم رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی سکریٹری خارجہ وجے گوکھالے نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ چین کے موقع پر دونوں ممالک نے سرحد پر تعینات فوج کے مابین روابط کو بہتر اور مؤثر بنانے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

مودی نے وسطی چینی شہر ووہان میں تقریباً چوبیس گھنٹے قیام کیا اور اس موقع پر انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے غیر رسمی ملاقات بھی کی۔ دونوں رہنماؤں نے کئی ثقافتی مراکز کا دورہ بھی کیا۔شی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات سے عالمی سطح پر اثر و رسوخ میں اضافہ ہو گا۔وجے گوکھالے نے صحافیوں کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے آمادگی ظاہر کی ہے کہ آئندہ سے تمام باہمی اختلافات کو پر امن طریقے سے بلوغت اور دانشمندی کے ذریعے حل کیا جائے گابھارت اور چین کی سرحد پر کشیدگی کے موضوع پر بھی بات چیت ہوئی اور دونوں ممالک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ خصوصی مندوبین کے ذریعے تمام مسائل کا باہمی اور قابل قبول حل تلاش کیا جائے گا۔