عالمی سٹیج پر یورپ کی طاقت میں کمی آئی ہے، سربراہ یورپی یونین

اتوار 29 اپریل 2018 15:30

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) یورپی یونین کمیشن کے سربراہ جین کلاڈ جنکر نے کہا ہے کہ عالمی سٹیج پر یورپ کی طاقت میں کمی آئی ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے یورپی یونین کی اقتصادی اور آبادیاتی صورتحال اور روس کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بیانات جاری کئے۔انہوں نے کہا ہے کہ یورپ اور روس کوسرد جنگ کی بیان بازی کو پیچھے چھوڑ کر تعلقات کو دوبارہ بحال کرنے کی طرف توجہ مبذول کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

روس کے علاقائی طاقت سے بڑھ کر ہونے کا ذکر کرتے ہوئے جنکر نے کہا کہ اب ہمیں روس کے ساتھ برابری کی سطح پر بات کرنا سیکھ لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ روس کے بغیر یورپ کے تحفظ کا قیام ناممکن ہے۔ یورپ عالمی اسٹیج پر طاقت سے محروم ہو رہا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہم دنیا کے باس ہیں لیکن حقیقت میں ہم کائنات کا ایک چھوٹا سا اور کمزور ٹکڑا ہونے کو فراموش کر رہے ہیں۔یورپ کے آبادیاتی اور اقتصادی لحاظ سے سکڑنے کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے جین کلاڈ جنکر نے کہا کہ ثقافتی حوالے سے ہمارا وجود قائم ہے لیکن ہم حاوی نہیں ہیں اس وجہ سے میں ہر ایک کو زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور باقی ماندہ دنیا کی آواز کو سننے کی دعوت دیتا ہوں۔