ٹورازم فیسٹیول لہڑی گرائونڈ میں ہارس اینڈکیٹل شوودیگر مقابلہ جات سے میرپورکی معیشت پرمثبت اثرات مرتب ہونگے ،ْچوہدری محمد سعید

ٹورازم فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پرانتظامیہ، محکمہ سیاحت، ضلع کونسل لوگوں کوروایتی کھیلوں کے تمام مواقع فراہم کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں ،ْوزیر سپورٹس

اتوار 29 اپریل 2018 16:00

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) آزادکشمیرکے وزیرسپورٹس یوتھ اینڈ کلچر،ایم ڈی اے وامورمنگلاڈیم چوہدری محمدسعیدنے کہاہے کہ ٹورازم فیسٹیول لہڑی گرائونڈ میں ہارس اینڈکیٹل شو،گھوڑدوڑ، نیزہ بازی، کبڈی،پتھراٹھانے کے مقابلہ جات اور میلے میں اعلیٰ قسم کے جانوروں کی نمائش کومتعارف کروانے سے میرپورکی معیشت پرمثبت اثرات مرتب ہونگے۔

ٹورازم فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پرانتظامیہ، محکمہ سیاحت، ضلع کونسل اور کنوینئرلہڑی گرائونڈراجہ عنبرکیانی مبارکباد کے مستحق ہیںجنھوں نے لوگوں کوروایتی کھیلوں اور دلچسپی کے تمام مواقع فراہم کیے ہیں۔ لہڑی گرائونڈ میں محکمہ امورحیوانات کے زیراہتمام اعلیٰ نسل کے جانوروں کی نمائش سے مقامی سطح پرزمینداروں میں جانوروں کی افزائش میں اضافہ ، دودھ اور گوشت کی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

حلقہ کھڑی زرعی لحاظ سے بڑاخوشحال علاقہ ہے،اس علاقے میں اس طرح کے پروگرامز سے زرعی ترقی پربھی گہرے اثرات مرتب ہونگے۔ نیزہ بازی کے مقابلہ جات میں پاکستان اور آزادکشمیر کے مایہ ناز گھوڑسواروں نے شرکت کرکے ہمارے ثقافتی ورثہ کوپروان چڑھایاہے ۔ نیزہ بازی کے مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں سمیت دیگرکلبوں نے بھی اپنے خوبصورت فن سے لوگوں کولطف اندوز کیاہے۔

اس طرح کے ثقافتی میلے آئندہ محکمہ ٹورازم اورمحکمہ سپورٹس ملکرکریں گے اور مزیدکھیلوں کوفیسٹیول میں شامل کریں گے۔ لوگوں کوصحت مندانہ تفریحی سہولیات میسر آئیں گی ۔ان خیالات کااظہار انھوں نے لہڑی گرائونڈ میں ہار س اینڈ کیٹل شو ،بازوبینی، پتھراٹھانے، جانوروں کی نمائش اور نیزہ بازی کے مقابلہ جات کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرآزادکشمیر کی سیکرٹری اطلاعات،سیاحت وآئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد،ڈائریکٹرجنرل سیاحت سردارجاوید ایوب، ڈپٹی کمشنرسردارعدنان خورشید خان، ایس ایس پی سید ریاض حیدربخاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل راجہ محمدفاروق اکرم خان، افسرمال راجہ ایاز احمدخان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت طارق محمود ملک، چیف آفیسر ضلع کونسل چوہدری محمدارشد، میلے کے کنوینئر راجہ عنبرکیانی کے علاوہ پنجاب اور آزادکشمیر کے دیگرعلاقوں سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

نیزہ بازی کے مقابلہ جات میں جج کے فرائض مشہورگھوڑسوار وسابق چیئرمین ملک مشتاق احمدنے سرانجام دیئے جبکہ میلہ میں راجہ عنبرکیانی، راجہ قمرکیانی، محمد مسعود ، یونس آڑوی ایڈووکیٹ سمیت پاکستان کے ممتاز گھوڑ سواروں نے اپنے اپنے کلبوں کے ہمراہ شرکت کی۔اس موقع ڈائریکٹرجنرل سیاحت سردارجاوید ایوب نے میلہ کے جملہ منتظمین اور شرکت کرنے والے مختلف کلبوں کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ محکمہ سیاحت آزادکشمیرمیں ٹورازم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھارہاہے۔

متعلقہ عنوان :