عالمی برادری کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال کو نظر انداز کرنا افسوسناک ہے ،ْ فاروق رحمانی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کا فرض ہے کہ وہ بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کیلئے کردار ادا کریں ،ْبیان

اتوار 29 اپریل 2018 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمینمحمد فاروق رحمانی نے مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں روز خون کی ہولی کھیل رہا ہے لیکن عالمی طاقتیں بالکل خاموش ہیں اور انہوں نے کشمیرکو شجر ممنوعہ بنا لیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، یورپی یونین، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کا فرض ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نظر بندوں کو تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہیں۔ محمد فاروق رحمانی نے کٹھو عہ میں آٹھ سالہ آصفہ کی آبرو ریزی اور قتل میں ملوث مجرموں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔