حکومت نے عوامی امنگوں کے مطابق بجٹ پیش کر کے ان کے دل جیت لیے

بجٹ اہداف بالخصوص ٹیکس ریٹس سے متعلق رعایت کو نہ صرف تنخواہ دار و کاروباری طبقوں نے سراہا بلکہ ماہرین معاشیات بجٹ میں اٹھائے مثبت ا قدامات کو ملکی معشیت کے لیے سود مند قرار دے رہے ہیں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر

اتوار 29 اپریل 2018 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوام کی امنگوں کے مطابق بجٹ پیش کر کے ان کے دل جیت لیے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے خصوصی ہدایت کی تھی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔

ہفتے کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بجٹ اہداف اور خصوصی طور پر ٹیکس ریٹس سے متعلق رعایت کو نہ صرف تنخواہ دار اور کاروباری طبقے میں سراہا جا رہا ہے بلکہ ماہرین معاشیات تمام شعبوں کے حوالے سے بجٹ میں اٹھائے مثبت ا قدامات کو پاکستان کی معشیت اور عوام کے لیے انتہائی سود مند قرار دے رہے ہیں۔ چودہری برجیس طاہر نے کہا کہ معاشی میدان میںحکومت کے گزشتہ پانچ سال کے اقدامات سے ترقی کی شرح میں زبردست اضافہ ہوا ، اس سال بھی بجٹ سے متعلق کیے گئے مثبت اقدامات سے معاشی ترقی میں مزید اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریٹس میں کمی سے زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹیکس کلچر سے متعار ف کرانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا اس حکومت کی پانچ سال کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور اسی کارکردگی کے باعث عوام محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے بجٹس کی طرح اس مرتبہ بھی ترقیاتی کاموں کے لیے خطیر رقم رکھی گئی ہے جس سے سی پیک سمیت ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کو اگے لے کر چلنے میں بے حد مدد ملے گی اور ہماری پارٹی کے منشور کے مطابق ایک ترقی یافتہ پاکستان دنیا کے نقشے پر نظر آئے گا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے عوام سے جو وعدے کیے ان کو پایہ تکمیل تک پہنچایا اور اسی نبیاد پرمسلم لیگ ن اور محمد نواز شریف ایک بار پھر بھرپور انداز میں کامیاب ہو کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔