سعودی عرب اعتدال پسندی اور پرامن بقائے باہمی کے تصورات کو فروغ دے رہا ہے ،سعودی عرب مسلم امہ کے اتحاد، مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کے مقدس مقامات کی پاسبانی اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اسلام ہر قسم کی دہشت گردی کو مسترد کرتا ہے، اس ضمن میں مسلم ممالک میں ذرائع ابلاغ کو اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہئے

امام کعبہ عبدالرحمان السدیس کی قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک کی قیادت میں پاکستانی میڈیا وفد سے گفتگو

اتوار 29 اپریل 2018 16:50

جدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) امام کعبہ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ سعودی عرب اعتدال پسندی اور پرامن بقائے باہمی کے تصورات کو فروغ دے رہا ہے ، اسلام ہر قسم کی دہشت گردی کو مسترد کرتا ہے۔ اس ضمن میں مسلم ممالک میں ذرائع ابلاغ کو اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک کی قیادت میں پاکستانی میڈیا وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے مدینہ منورہ میں ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔

حرمین الشریفین کے عمومی صدر و امام کعبہ نے کہا کہ ہم سب کو ہر طرح سے اسلام کے دفاع کے لئے کام کرنا چاہئے اور دہشت گردوں کو اسلام کو یرغمال بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دینی چاہئے۔

(جاری ہے)

اسلامی میڈیا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک میں صحافیوں پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حقیقی اسلام کا دفاع کریں جو دہشت گردی کو مسترد کرتا ہے اور امن و برداشت کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین اور سلطنت سعودی عرب ہمیشہ عازمین حج اور عمرہ ادا کرنے والوں کی خدمت کرتے رہیں گے کیونکہ ہم الله تعالیٰ کے مہمانوں کی خدمت کو اپنا اولین فریضہ سمجھتے ہیں۔ شیخ عبدالرحمان نے کہا کہ سعودی عرب مسلم امہ کے اتحاد، مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کے مقدس مقامات کی پاسبانی اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مضبوط اتحادی ہیں اور دونوں مسلم امہ کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا حقیقی تشخص یہ ہے کہ یہ ہمیشہ امن، بھائی چارے اور اعتدال پسندی کا درس دیتا ہے جبکہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو حج سیزن کو سیاسی رنگ دینا چاہتے ہیں، انھیںایسا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ حج اسلام کا اہم رکن ہے اور صرف الله تعالیٰ کی عبادت کے لئے مخصوص ہے۔

امام کعبہ نے مسلم امہ کی حمایت کے لئے پاکستان کی حکومت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امہ کے ایشوز کی حمایت میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب نے مشکل ادوار میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم امہ کو اسلام کی حقیقی اقدار کو اجاگر کرنا چاہئے۔ امہ کے مقاصد کی حمایت کرنی چاہئے اور حرمین الشریفین اور مسجد اقصیٰ کی پاسداری کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ خادمین الحرمین الشریفین شاہ سلمان نے الله کے مہمانوں کی خدمت کے لئے رضائے الٰہی کی خاطر ہمیشہ واضح سمت دی ہے۔ جو عالم اسلام میں فتنہ پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ ناکام ہوں گے کیونکہ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت فسادیوں کو کچلنے کیلئے بصیرت، جرات اور طاقت رکھتی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کی سلامتی اور دونوں اقوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا۔ امام کعبہ نے پاکستان اور پاکستانی قوم سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اردو زبان میں پاکستان زندہ باد کہا۔