کیڈٹ کالج چھتر کلاس میںآزاد کشمیر کے علاوہ چاروں صوبوں ‘ گلگت بلتستان ‘ فاٹا سے تعلق رکھنے والوں سمیت 60بچوں کی پہلی کلاس کا آغاز ہو گیا ہے

اتوار 29 اپریل 2018 17:10

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) وزیر اوقاف ‘ اُمور دینیہ راجہ عبدالقیوم خان نے کہا ہے کہ کیڈٹ کالج چھتر کلاس میرا خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہو گیا ہے ‘ اور آزاد کشمیر کے علاوہ چاروں صوبوں ‘ گلگت بلتستان ‘ فاٹا سے تعلق رکھنے والوں سمیت 60بچوں کی پہلی کلاس کا آغاز ہو گیا ہے ‘ جس طرح کشمیری بچے چاروں صوبوں کے کالجز ‘ یونیورسٹیوں میں تعلیم کا زیور حاصل کرتے ہیں آزادکشمیر میں بھی چاروں صوبوں ‘ گلگت بلتستان ‘ فاٹا سے تعلق رکھنے والوں کا مل کر تعلیم حاصل کرنا خوشیوں کا باعث ہے ‘ جس کے لئے ناصرف حکومت پاکستان ‘ حکومت آزادکشمیر کا بہت بڑا کردار ہے ‘ بلکہ اس کے آغاز میں محترمہ زبیدہ جلال اور سردار سکندر حیات کی فراخ دِلی بھی یادگار ہے ‘ راجہ عبدالقیوم خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سکندر حیات حکومت میں ہم نے جو پودا لگایا تھا وہ اب شجر بن چکا ہے ‘ فیڈرل پی ایس ڈی پی آزادکشمیر پی ایس ڈی پی کے فنڈز سے مکمل ہونے والا کیڈٹ کالج کا منصوبہ مظفر آباد ڈویژن خصوصاً کھاوڑہ کے عوام کے لیے اعزاز سعادت ہے جس میںپہلی 60 بچوں کی کلاس شروع ہو چکی ہے ‘ ان میں آٹھ بچے چاروں صوبوں ‘ گلگت بلتستان ‘ فاٹا سے تعلق رکھتے ہیں ‘ دو اوپن میرٹ سارے ملک سے شامل ہوئے ہیں اور پچاس بچے آزادکشمیر کے تمام اضلاع سے آئے ہیں ‘ اپنے طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھتے ہوئے اس میں سالانہ 300 بچے زیر تعلیم ہوں گے ‘ راجہ عبدالقیوم خان نے کہا کہ یہ منصوبہ دس سال تک تاخیر کا شکار رہا ‘ کوئی توجہ نہ دی گئی مگر ن لیگ کی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی اس پر توجہ دی گئی جو آج شجر بن کر اپنے مقصد کا آغاز کر چکا ہے ‘ جس کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ وزیراعظم فاروق حیدر کی بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔