طاغوتی نظام کو توڑے بغیر عام آدمی کو اس کے حقوق نہیں مل سکتے ‘محمد ادریس

مٹھی بھر اشرافیہ تمام وسائل اور اختیارات پر قابض ہے ، اوپر سے آنے والے فیصلوں پر عمل کرنا غلامانہ ذہنیت کی علامت ہے

اتوار 29 اپریل 2018 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ وطن عزیز میں واحد شورائی اور جمہوری پارٹی جماعت اسلامی ہے ،اس جماعت کی ابتداء سے لے کر آج تک سارا نظام اس کے دستور کے مطابق چلایا جارہاہے ۔منصورہ میں جماعت اسلامی پنجاب کے زیراہتمام کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ قیادت ارکان کی آزادانہ اور خفیہ رائے دہی سے تبدیل ہوتی ہے ،اس جماعت میں آمریت و موروثیت کا کبھی عمل دخل نہیں ہوسکتا ۔

(جاری ہے)

اللہ نے اپنے محبوب نبی پاک ؐ کو بھی حکم دیا کہ وہ اپنے صحابہ ؓ سے مشاورت کیا کریں ۔ آپؐ ہمیشہ اہم امور میں صحابہ سے مشورہ کر کے فیصلے کرتے تھے ۔ یہی سنت صحابہ ؓ اور خلفائے ر ا شد ین ؓ کے دور میں بھی کارفرما رہی ۔ آج پاکستان کے بڑے مسائل میں سے آمریت ، موروثیت ، کرپشن اور اقرباپروری سر فہرست ہیں ۔ عوام کو بھیڑ بکری بنادیا گیا ہے ۔ اس طاغوتی نظام کو توڑے بغیر عام آدمی کو اس کے حقوق نہیں مل سکتے ۔ انہوںنے کہاکہ مٹھی بھر اشرافیہ تمام وسائل اور اختیارات پر قابض ہے ۔ ہم اس سٹیٹس کو کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں ۔ اوپر سے آنے والے فیصلوں پر عمل کرنا غلامانہ ذہنیت کی علامت ہے ۔ ہم عرش والے کے فیصلوں کے پابند اور انہیں کے نفاذ کے لیے کوشاں ہیں ۔