مسائل و مشکلات کے باوجود عوام کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھیں گے ، پاکستان مسلم لیگ کا نظریہ عوام کی حکمرانی ہی ، موجودہ حکومت نے چھٹا ٹیکس فری بجٹ پیش کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ،اپوزیشن منفی اور گمراہ کن سیاست کا کھیل کھیل رہی ہے، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین

اتوار اپریل 18:10

لاہور/شیخوپورہ۔29 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2018ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ مسائل و مشکلات کے باوجود عوام کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھیں گے ، پاکستان مسلم لیگ کا نظریہ عوام کی حکمرانی ہے، موجودہ حکومت نے چھٹا ٹیکس فری بجٹ پیش کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ،اپوزیشن منفی اور گمراہ کُن سیاست کا کھیل کھیل رہی ہے، عوام کو بے وقوف نہیں بنا یا جا سکتا۔

وہ اتوار کے روز مریدکے میں مختلف عوامی اجتماعات اور کھلی کچہری میں عوام کی شکایات سننے کے بعد گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر ایم این اے رانا افضال حسین چیئرمین ضلع کونسل شیخوپورہ رانا ایم عتیق اور مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک سیاسی عدم استحکام کا شکار نہ ہوتا تو آج معاشی ترقی کی شرح چھ فیصد سے بھی زیادہ ہوتی، دھرنوں اور منفی سیاست نے ملک کو معاشی طور پر شدید نقصان پہنچایا ہے ، پورے ملک سے کارکنوں کو لاہور بلانے والے چیئر مین پی ٹی آئی کواپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو جانا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ 2018کے الیکشن میں (ن )لیگ کو جتوا کر عوام پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کی ضمانت دیں گے ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ سی پیک کے دشمنوں کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی اسی وجہ سے انہوں نے ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے ، 2013میں ملک میں بیس بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اب صرف اُن علاقوں میں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے جہاں بجلی چوری ہوتی ہے، سندھ اور کے پی کے میں حکومت کرنے والے عوام کو اپنی کارکردگی بتائیں ،اُن کی کارکردگی یہی ہے کہ ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو مسلسل سیاسی عدم استحکام کا شکار کرتے رہے ۔

کیا یہ لوگ 2018کے الیکشن میں دھرنوں ،منفی سیاست اور گمراہ کُن پراپیگنڈہ کے ووٹ مانگیں گے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ( ن) نے سی پیک جیسا عظیم معاشی منصوبہ دیا، اربوں ڈالرز کی لاگت سے ہزاروں میل لمبی موٹرویز اور ہائی ویز بنائیں ، گذشتہ ساڑھے چار سالوں میں 11000میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی ، رکاوٹوں کے باوجود شرح نمو کو 3فیصد سے 6فیصد تک لے کر آئے، افراطِ زر کو کنٹرول میں رکھا، کراچی اور فاٹا میں امن قائم کیا ،ملک کو دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کروایا، محدود وسائل کے باوجود متوازن اور بلا ٹیکس بجٹ دیا ،موجودہ بجٹ میں نہ صرف ٹیکس کی شرح میں کمی کی گئی بلکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پینشن اور دیگر مراعات میں بھی اضافہ کیا اور کھادوں اور زرعی آلات کی قیمتیں کم کرنے کے لیے اِن اشیاء پر ٹیکسوں میں خاطر خواہ کمی کی گئی ۔

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن منفی اور گمراہ کُن سیاست کا کھیل کھیل رہی ہے، عوام کو بے وقوف نہیں بنا یا جا سکتا، عوام کل بھی مسلم لیگ( ن) کے ساتھ تھے اور آج بھی اسی کے ساتھ ہیں ۔ 2018کے الیکشن میں عوامی حمایت سے بھر پور کامیابی حاصل کریں گے ۔