ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہے ہیں،جاوید آفتاب احمد

اتوار 29 اپریل 2018 18:10

سرگودھا۔29 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) ممتاز دانش ور ، ماہر قانون جاوید آفتاب احمد نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہے ہیں ۔ نسل نو میں فکر اقبال سے استفادہ کا رجحان بیدار کرنے کے لیے مسلسل محنت کی ضرورت ہے ۔ کلام اقبال گل و بلبل اور عشق و عاشقی کا خزینہ نہیں بل کہ جہد مسلسل اور عمل پیہم کا اک آئینہ ہے ۔

انھوں نے یہ بات ریڈیو پاکستان سرگودھا ایف ایم 101 کے پروگرام ’’ دانش کدہ ‘‘ میں گفتگو کر تے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ، ڈاکٹر محمد مشرف حسین انجم ، محمد طلحہ حسین اور ممتاز عارف بھی موجود تھے ۔جاویدآفتاب احمد نے مزید کہا کہ اقبال ہر دور کے شاعر ہیں ۔ ان کا پیش کردہ نظام تعلیم طالب علموں کو باعمل انسان بناتا ہے ۔

(جاری ہے)

اقبال کا شاہین ہمیشہ محو پرواز رہتا ہے ۔ ڈاکٹر علامہ اقبال ہمارے قومی شاعر ہیں مگر افسوس کہ فکر اقبال سے استفادہ نہیںکرتے ۔ کلام اقبال کو نصاب میں بطریق احسن شامل کرنے کی ضرورت ہے ۔ محمد مشرف حسین انجم نے شاعر مشر ق کو منظوم ہدیہ عقیدت پیش کیا ۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ اقبال کا آفاقی پیغام دنیا کو امن کا گہوارہ بنا سکتا ہے ۔ فکر اقبال کے عصری تقاضے ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ۔ پاکستان میں اقبال شناسوں نے ان کا پیغام دنیا تک پہنچانے کے لیے قابل قدر کردار ادا کیا ہے ۔