مشرف دور میں عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے جیلیں کاٹیں ،اب بھی عوام کے حق کو دبانے کے خلاف بھر پور جدوجہد کرینگے ‘رانا تنویر حسین

موجودہ حکومت نے چھٹا ٹیکس فری بجٹ پیش کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، دھرنوں اور منفی سیاست نے ملک کو معاشی طور پر شدید نقصان پہنچایا ہے ‘وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

اتوار 29 اپریل 2018 18:40

لاہور /شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ مسائل و مشکلات کے باوجود عوام کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھیں گے ، پاکستان مسلم لیگ کا نظریہ عوام کی حکمرانی ہے ،مشرف دور میں بھی عوام کے حقوق کی بحالی کے لیے جیلیں کاٹیں اور اب بھی عوام کے حق کو دبانے کے خلاف بھر پور جدوجہد کریں گے ، موجودہ حکومت نے چھٹا ٹیکس فری بجٹ پیش کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، ملک سیاسی عدم استحکام کا شکار نہ ہوتا تو آج معاشی ترقی کی شرح چھ فیصد سے بھی زیادہ ہوتی ، دھرنوں اور منفی سیاست نے ملک کو معاشی طور پر شدید نقصان پہنچایا ہے ، پورے ملک سے کارکنوں کو لاہور بلانے والے چیئر مین پی ٹی آئی کواپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو جانا چاہیے ، 2018کے الیکشن میں ن لیگ کو جتوا کر عوام پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کی ضمانت دیں گے ۔

(جاری ہے)

وہ مریدکے میں مختلف عوامی اجتماعات اور کھلی کچہری میں عوام کی شکایات سننے کے بعد گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر ایم این اے رانا افضال حسین چیئرمین ضلع کونسل شیخوپورہ رانا ایم عتیق اور مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین بھی موجود تھے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کو ملک کو خوشحال بنانے کی سزا دی جارہی ہے۔ سی پیک کے دشمنوں کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی اسی وجہ سے انہوں نے ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے ۔

2013میں ملک میں بیس بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اب صرف اُن علاقوں میں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے جہاں بجلی چوری ہوتی ہے ۔ سندھ اور کے پی کے میں حکومت کرنے والے عوام کو اپنی کارکردگی بتائیں اُن کی کارکردگی یہی ہے کہ ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو مسلسل سیاسی عدم استحکام کا شکار کرتے رہے ۔ کیا یہ لوگ 2018کے الیکشن میں دھرنوں منفی سیاست اور گمراہ کُن پراپیگنڈہ کے ووٹ مانگیں گے ۔

پاکستان مسلم لیگ ن نے سی پیک جیسا عظیم معاشی منصوبہ دیا اربوں ڈالرز کی لاگت سے ہزاروں میل لمبی موٹرویز اور ہائی ویز بنائیں ۔ گذشتہ ساڑھے چار سالوں میں 11000میگاواٹ بجلی قومی گریڈ میں شامل کی ۔ رکاوٹوں کے باوجود شرح نمو کو 3فیصد سے 6فیصد تک لے کر آئے ۔ افراطِ زر کو کنٹرول میں رکھا کراچی اور فاٹا میں امن قائم کیا ملک کو دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کروایا ۔

محدود وسائل کے باوجود متوازن اور بلا ٹیکس بجٹ دیا ۔ نہ صرف ٹیکس کی شرح میں کمی کی گئی بلکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پینشن اور دیگر مراعات میں بھی اضافہ کیا ۔ کھادوں اور زرعی آلات کی قیمتیں کم کرنے کے لیے اِن اشیاء پر ٹیکسوں میں خاطر خواہ کمی کی گئی ۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن منفی اور گمراہ کُن سیاست کا کھیل کھیل رہی ہے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتی عوام کل بھی مسلم لیگ ن کے ساتھ تھے اور آج بھی اسی کے ساتھ ہیں ۔ 2018کے الیکشن میں عوامی حمایت سے بھر پور کامیابی حاصل کریں گے ۔