عوام ہر بار قوم کو دھوکہ دینے والے سیاستدانوں کا سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں،محمودخان

قوم اپنے بچوں کے مستقبل کو درخشاں دیکھنا چاہتی ہے تو کرپٹ عناصر کا خاتمہ کرکے ایماندار اور مخلص قیادت کو آگے لانے میں سنجیدہ ہو جائے،وزیرکھیل خیبرپختونخوا

اتوار اپریل 18:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ جب تک کرپٹ عناصر ملک میں موجود ہیں ملک اور قوم کبھی ترقی نہیں کر سکیں گے ، مخلص قیادت کو آگے لائے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ، وقت آگیا ہے کہ ہر بار قوم کو دھوکہ دینے والے سیاستدانوں کا سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں اور یہی وقت کی ضرورت بھی ہے ، موجودہ حالات میں عمران خان بہتر لیڈر ہے جو قوم اور ملک کو اندھیروں سے نکال کر ترقی کی جانب لے جا سکتے ہیں ،2013ء سے پہلے دہشت گردی ، بھتہ خوری ، اغواء کاری سمیت تعلیم ، صحت ، پولیس اور دیگر ادارے تباہ حال تھے اگر قوم اپنے بچوں کے مستقبل کو درخشاں دیکھنا چاہتی ہے تو کرپٹ عناصر کا خاتمہ کرکے ایماندار اور مخلص قیادت کو آگے لانے میں سنجیدہ ہو جائے ،یہی واحد راستہ ہے جو ہمیں ترقیافتہ ممالک کی صفوں میں کھڑا کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لالکومٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اہم کارکنان جن میں اشبر میاں ، اصل بہادر ، کشور میاں ، جوہر علی ، باچا خالد ، اشرف علی ، حیات جان ، وزیر زادہ ، فضل معبود اور اعتبار خان نے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت اپنی پارٹی سے دیرینہ رفاقت توڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ۔

محمود خان نے کہا کہ ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے ۔ اپنی ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے انہو ںنے کہا کہ اپنے حلقہ نیابت میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جن میںزیادہ تر مکمل ہو چکے ہیں اور بعض پرتعمیراتی کام تیز ی سے جاری ہے جن میں سخرے ٹو گبین جبہ روڈ 70کروڑ روپے اور لالکو پل دس ملین روپے کی لاگت سے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ماضی کے 70سالوں میں اتنے ترقیاتی کام نہیں ہوئے جتنے ہمارے دور اقتدار میں ہوئے ، ہم صوبے کے وسائل کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر ر ہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب نام نہاد سیاستدان اسلام ، روٹی ، کپڑا ، مکان اور پختون کے نعروں پر عوام کو گمراہ نہیں کر سکیں گے ، عوام ان کی لوٹ مار ، ظلم و ناانصافی اور اقرباپروری کا دور نہیں بھولے ہیں ۔